اکبری وجودی فکر کے حامیوں کی جانب سے امام رازی (م 606 ھ) کو لے کر متعدد طرح کا خلط مبحث پایا جاتا ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے گویا آپ اس سکول کے پیش رو رہے ہوں۔ یہ مختصر تحریر ان کے ازالے کے لئے لکھی گئی ہے۔
وجود ایک حقیقی صفت ہے جو خارج میں ماہیت پر زائد ہے، یہ کوئی ایسی بات نہیں جسے امام رازی نے پہلی مرتبہ اختیار کیا ہو یا جس کے دلائل آپ نے پہلی مرتبہ بتائے ہوں۔ یہ معتزلہ کا نظریہ تھا جسے “معدوم شے” کے عنوان سے جانا جاتا ہے، اور متقدمین اشاعرہ و ماتریدیہ نے اسے رد کرتے ہوئے کہا کہ وجود کوئی اضافی صفت یا حقیقت نہیں جسے ماہیت پر زائد کہا جاسکے، یہ ماہیت کے خارج میں بس تحقق و ثبوت و تقرر کو کہتے ہیں۔ جب خارج میں کسی ماہیت کا تحقق نہ ہو، تو نہ وہ ماہیت ہے اور نہ اس کا کوئی ثبوت و وجود ہے۔ خدا کے سوا تمام ماہیات خلقی (یعنی جعل جاعل سے) ہیں۔ اس کے برعکس معتزلہ کے مطابق ماہیات وجود کے بغیر ازل سے ثابت ہیں، نیز وہ کسی کے بنانے سے ماہیات نہیں، البتہ جب انہیں وجود سے متصف کیا جاتا ہے تو وہ خارج میں پائی جاتی ہیں۔ چنانچہ خارج میں وجود و ماہیت کی دوئی ایک پرانا تصور ہے جو تیسری صدی ہجری کے اوائل سے چلا آرہا ہے۔
علامہ ابن سینا (م 428 ھ) نے یہ دوئی معتزلہ سے سیکھی اور پھر اسے ارسطو کے ماڈل پر لاگو کرکے اس میں وجود و ماہیت کی دوئی کا اضافہ کیا۔ ابن سینا کو معتزلہ کے اس تصور سے اختلاف تھا کہ ماہیات خدا سے مستقل ثابت ہیں نیز وہ وجود سے عاری ہوتے ہوئے بھی ثابت ہوتی ہیں۔ البتہ اسے معتزلہ کی طرح قدیم ماہیات بہرحال چاہیے تھیں تاکہ کائنات قدیم ہو۔ ابن سینا نے کہا کہ ممکن الوجود میں وجود و ماہیت کی دوئی یا کثرت ہوتی ہے اور یہ کثرت ہی اسے ممکن بناتی ہے، خدا چونکہ واجب الوجود ہے لہذا وہ صرف وجود ہے۔ یوں معتزلہ کے برعکس ابن سینا “ماہیت بدون وجود” کے بجائے “وجود بدون ماہیت” کے قائل ہوئے۔ ان کے مطابق ممکن الوجود کی حد تک خارج میں وجود و ماہیت اکٹھے ہوتے ہیں، یوں وہ خارجی وجود کے ساتھ قدیم ماہیات کا نظریہ اختیار کرتے ہیں۔ ابن سینا نے بعض وجوہ سے وجود ذہنی کا نظریہ بھی اختیار کیا کہ ہم ایسی چیزوں کا تصور بھی رکھتے ہیں جو خارج میں نہیں، لہذا ماننا چاہئے کہ وجود کی ایک سطح ذہن بھی ہے جہاں وہ ماہیات موجود ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی اپنی تھیوری آف ادراک اور علم کو یونیفائیڈ رکھنے کے لئے یہ کہا کہ ہر خارجی ماہیت کا بھی ذہنی وجود ہوتا ہے۔ ابن سینا وجود کے معاملے میں صرف وجود ذھنی کے قائل نہیں تھے اور نہ ہی اسے افورڈ کرسکتے تھے اس لئے کہ خدا ان کے مطابق صرف وجود ہے۔ اگر وجود بس ذہنی معاملہ ہو تو نتیجہ یہ نکلے گا کہ خدا صرف وجودِ ذہنی ہے۔ یہاں یہ نوٹ کرلیں کہ ابن سینا کے نزدیک وجود کوئی کلی (طبعی) بھی نہیں بلکہ ہر چیز کا وجود الگ ہے، اگرچہ ایک جیسا ہو۔ وجود کی اس دوئی سے وہ مخلوق کو خدا سے الگ اور اس کا غیر کرتے ہیں (اشاعرہ و ماتریدیہ کے ہاں یہ غیریت ماہیات کے الگ تشخص و تحقق سے آتی ہے)۔
امام رازی بھی وجود کو ماہیت پر زائد کہتے ہیں، تاہم آپ معتزلہ و ابن سینا دونوں کی اس بات کو رد کرتے ہیں کہ ماہیت وجود کے بغیر یا وجود ماہیت کے بغیر متحقق ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی آپ ابن سینا کے نظریہ وجود ذہنی کو بھی رد کرتے ہیں۔ آپ کے مطابق وجود ماہیت پر زائد ایک اضافی صفت تو ہے لیکن خارج میں دونوں اکٹھے پائے جاتے ہیں، یہ بات ممکن الوجود کے لئے بھی ہے اور واجب الوجود کے لئے بھی۔ آپ وجود کو کلی نہیں مانتے بلکہ ہر شے کا وجود الگ ہے اگرچہ یکساں ہے۔ آپ کے مطابق تمام ممکن الوجود ماہیات حادث ہیں، ازل سے نہ کوئی ماہیت خدا سے مستقل ثابت ہے (جیسا کہ معتزلہ کہتے ہیں) اور نہ خدا کے علم میں کوئی چیز بطور ازلی معلوم ثابت ہے (جیسا کہ وجودیہ کہتے ہیں) اور نہ ہی خارج میں کوئی ماہیت ازل سے موجود ہے (جیسا کہ فلاسفہ کہتے ہیں)۔ نیز امام صاحب ابن سینا کی “واحد سے صرف واحد کا صدور ہوتا ہے”، “علت موجبہ” نیز نیو پلاٹونسٹ میٹافزکس کو بھی رد کرتے ہیں۔ چنانچہ اگر موازنے کی غرض سے کچھ کہنا ہو تو وجود و ماہیت کی بحث میں آپ کا نظریہ نسبتاً معتزلہ سے قریب ہے نہ کہ ابن سینا سے (اس اہم فرق کے ساتھ کہ آپ اشاعرہ و ماتریدیہ کی طرح “معدوم شے” کی تردید کرتے ہیں)۔ آپ کے شارح علامہ تلمسانی (م 644 ھ) نے بھی اس کی صراحت کی ہے۔
امام صاحب نے جب وجود ذھنی اور ابن سینا کے اس نظریے پر تنقید کی کہ خدا صرف وجود ہے، تو اس تنقید کے پیش نظر ایک طرف ابن سینا کے شارحین (جیسے علامہ طوسی (م 672 ھ) وغیرہ) نے ابن سینا کے وجود کی دوئی کے نظریے کا دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مختلف توجیہات اختیار کیں، تو دوسری طرف شیخ ابن عربی (م 638 ھ) اور ان کے طلبا نے امام رازی کے اٹھائے ہوئے اشکالات سے بچنے کے لئے وجود کی دوئی کے بجائے وجود کی وحدت یا کلی نما مطلق وجود (جو سب موجودات کا احاطہ کرتا ہے) کا نظریہ اختیار کیا۔ امام رازی کے بعد اکبری روایت کا جو یہ اضافہ سامنے آیا، اس کی بڑی وجہ وہ نقد ہے جو آپ نے ابن سینا کے “وجود محض” کے نظریے پر کیا اور جس کا حل “وجود محض” کو “مطلق وجود محض” بنانا سمجھ لیا گیا (وجودیہ نے امام رازی کے اعتراضات سے بچنے کے لئے یہ موقف اختیار کرکے دراصل خود کو زیادہ بڑی مصیبت میں ڈالا، اس کے بعد خالق و مخلوق کی غیریت کا معاملہ ایک معمہ بن گیا، دیگر مسائل بھی پیدا ہوئے)۔ مابعد رازی ان دونوں سکولز نے وجود ذہنی کو بھی اختیار کیا، بلکہ ان کے سوا چند دیگر علما جیسے کہ امام غزالی (م 505 ھ) وغیرہ نے بھی اسے قبول کیا۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو مابعد رازی یہ دونوں سکولز اصلاً امام رازی کے مخالف ہیں کیونکہ ان کا نظریہ “ماہیت کے بغیر نرا وجود” کے مفروضے پر قائم ہے جسے امام صاحب رد کرتے ہیں۔
الغرض سپائیکر صاحب اور ان کے متاثرین کی جانب سے امام رازی کو کسی بھی طرح وجودی سکول کا پیش رو دکھانے کا منصوبہ معنی خیز نہیں، سوائے اس کے کہ دور دراز کی مشابہتیں دکھائی جائیں یا آپ کی عبارات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے۔




کمنت کیجے