ڈاكٹر محمد اكرم ندوى
بروز جمعرات 30 رجب سنه 1443ه مطابق 3 مارچ سنه 2022 شام ساڑھے چھ بجے السلام انسٹيٹيوٹ نے لندن ميں عالميت پاس كرنے والے اپنے طلبه كے لئے تقسيم اسناد كى پر مسرت تقريب منعقد كى، السلام كے طلبه يورپ، امريكه، كناڈا، آسٹريليا وغيره ميں پھيلے ہوئے ہيں، يه عام طور سے عصرى يونيورسيٹيوں كے فارغين ہيں، اور اپنے اپنے ملكوں قابل احترام عہدوں پر فائز ہيں۔
تقريب كى نظامت كر رہے تھے السلام كے مشير استاد اندريو بوسو (نو مسلم عالم)، ان كا تعلق السلام سے پندره سال كے عرصه كو محيط ہے، وه پيشه كے اعتبار سے وكيل ہيں، مگر ساتھ ہى علمى وتعليمى سرگرميوں ميں مشغول ہيں،ان كے مقالات دلچسپى سے پڑھے جاتے ہيں، انھوں آج كى نشست ميں اساتذه اور فارغ ہونے والے طلبه كا تفصيلى تعارف كرايا اور السلام كے مقاصد ومشاريع پر روشنى ڈالى، درج ذيل اساتذه نے اس تقريب سے خطاب كيا:
استاد اخلاق چودهرى: جو السلام كے شعبۂ عربى كے سربراه ہيں، انہوں نے السلام كے نئے اور فارغ ہونے والے طلبه كو نصيحتيں كيں، يه نصيحتيں جامع اور مدلل تھيں، نيت كى تصحيح كے ساتھ انہوں نے علوم كى تحصيل ميں محنت پر زور ديا، اور بيان كيا كه جو چيزيں آسانى سے حاصل ہوتى ہيں دير پا نہيں ہوتيں، اس كے بر عكس جو چيزيں وقت ليتى ہيں وه ديرپا ہوتى ہيں، اور انہيں كا شمار قيمتى قدروں ميں ہوتا ہے۔
ڈاكٹر عبد الحكيم واسكيز (نو مسلم عالم ): تدريسى خدمات كے ساتھ السلام كے نصاب كى تيارى وارتقا ميں ان كا بنيادى كردار ہے، ان كا اصل اختصاص حديث نبوى ہے، انہوں نے مختلف نقاط پر زور ديتے ہوئے اس كى وضاحت كى كه علوم اسلاميه ميں تحقيق واجتہاد كا مقام عربى زبان سے وابسته ہے، عربى زبان ميں جو جس قدر ترقى كرے گا وه اسى قدر ان علوم ميں مہارت پيدا كرے گا، نيز ڈاكٹر عبد الحكيم نے طلبه كو تنبيه كى كه فرقه واريت سے احتراز كريں، اور اہل علم كے مختلف طبقوں سے يكساں استفاده كريں۔
مولانا محمد اويس نمازى ندوى: السلام ميں فقه، عقيده اور منطق وغيره كے استاد ہيں، انہوں نے طلبه كو توجه دلائى كه ہر جگه محاسن وفضائل كى تلاش ميں كوشاں رہيں، وه شہد كى مكھى بنيں جو گندى جگہوں پر بھى اچھى چيز تلاش كرتى ہے، خنزير نه بنيں جو اچھى جگہوں پر بھى گندگى ہى تلاش كرتا ہے۔
استاد محمد عابد خان: يه السلام كے قديم فارغ، اور ہر دلعزيز استاد ہيں، اصول فقه سے خاص مناسبت ہے، نيز طلبه كى دينى وفكرى تربيت پر بھى توجه كرتے ہيں، ان كى مساعى سے برطانوى معاشره بہت خير پھيل رہا ہے، انہوں نے عملى ميدان كے كچھ رہنما اصول پيش كئے۔
طلبه كى تقريريں: طلبه نے اپنى تقريروں ميں اس كا اظہار كيا كه انہوں نے السلام سے كيا استفاده كيا ہے، كس طرح يہاں انہيں سمجھ كر علوم حاصل كرنے كى تربيت كى گئى، اور تقليد كى پستى سے انہيں نكالا گيا، فہم وتفكر پر جتنا زور اس ادارے ميں ہے كہيں اور نظر نہيں آيا، نيز ان طلبه نے اپنى جمله علمى وعملى سرگرميوں كا تذكره كيا، اور اپنے والدين، اعزه واقارب، اور اساتذه كا شكريه ادا كيا۔
حضرت مولانا سيد محمد رابع حسنى ندوى دامت بركاتہم: آپ نے السلام كى اس تقريب پر خوشى كا اظہار كيا، فارغين كو مباركباد دى، اور انہيں اجازت عامه دى، مزيد ندوه كى خصوصيت يعنى جامعيت واعتدال كى ياد دہانى كرتے ہوئے فرمايا كه جديد علوم كے ساتھ اسلامى علوم كى تحصيل انہيں اسلام كى صحيح خدمت كے مواقع فراہم كرے گى، طلبه دنيا كے حصول كو اپنا مطمح نظر نه بنائيں، بلكه اپنى دينى تربيت كو ہر چيز پر مقدم ركھيں، يعنى اصل نگاه آخرت پر ہو، دنيا پر نه ہو۔
آخر ميں راقم نے خدا كا شكر ادا كرتے ہوئے فارغ ہونے والے طلبه كو مباركباد دى، ان كى متنوع علمى، تعليمى، اجتماعى اور دعوتى واصلاحى سرگرميوں كو سراہا، ان كے خيالات كى پاكيزگى كى تعريف كى، اور اس خوشى كا اظہار كيا كه ان كے علمى سفر كى داستان اور ان كے افكار وعزائم كو سن كر حوصله ملتا ہے، اور ہمارے ارادے ميں پختگى آتى ہے كه ہم اپنا كام جارى ركهيں، پهر درج ذيل امور كى طرف توجه دلائى:
1- اگر السلام كى ٹيم كى كوشش نه ہوتى تو يه تعليمى كاميابياں ممكن نه ہوتيں، اس لئے ہميں السلام كے ڈائركٹر استاد ابو الفرحان، سارے اسٹاف اور اساتذه كا ممنون ہونا چاہئے كه ان كى مخلصانه جد وجہد سے يه تعليمى پروجكٹ روز بروز ترقى كى راه پر گامزن ہے۔
2- طلبه كے لئے بڑے اعزاز كى بات ہے كه استاد محترم ومخدوم معظم حضرت مولانا دامت بركاتہم نے ان كے لئے وقت نكالا، انہيں نصيحت فرمائى اور اجازت عطا كى، آپ ہمارى طالبعلمى ميں بھى ندوه كے سينير استاد تھے، اس وقت پورے ہندوستان ميں علمى وعملى ميدانوں ميں آپ كى شخصيت يگانه ہے، زہد، تقوى، تواضع اور صبر وحلم ميں آپ كى مثال مشكل ہے، اور يہى وه عملى خوبياں ہيں جو كسى كو درجۂ امامت پر فائز كرتى ہيں۔
3- آپ نے اس سال السلام سے فراغت حاصل كى ہے، بہت سى باتيں جو آپ كو معلوم نہيں تھيں وه سيكھى ہيں، اور بہت سى غلط معلومات كى تصحيح كى ہے، عام طور سے علماء كے اندر ايك كمزورى ہوتى ہے: وه غلط اور صحيح معلومات كو مخلوط كرديتے ہيں، كتنى آيتوں كى غلط تفسيريں، كتنى موضوع، منكر وشاذ احاديث، اور بے سر وپا قصے كہانياں اور خرافات واساطير ان كى تقريروں اور تحريروں كى وجه سے لوگوں ميں پھيل رہے ہيں اور انھیں اس كا شعورنہيں ہوتا كه اپنى معلومات پر ناقدانه نگاه ڈاليں، آپ كى ذمه دارى ہے كه بغير تحقيق كے نه كچھ بوليں اور نه كچھ لكھيں۔
4- علم ايك خارجى شے ہے، يه انسان كے اندر سے نہيں آتا، بلكه باہر سے آتا ہے، اہل علم كى ذمه دارى ہے كه دونوں كے فرق كو سمجھيں، اندر سے آنے والى بات صرف ہوى اور خواہش نفسانى ہے، باہر سے جو باتيں آئيں انہيں كسوٹى پر پركھنا چاہئے، پھر انہيں قبول كرنا چاہئے، اس طرح علم صحيح حاصل ہوگا، جس چيز كو آپ دلائل سے ثابت نه كرسكيں وه علم نہيں، جہالت ہے۔
5- اس امت كى وحدت كى حفاظت كرنا اعظم فرائض ميں سے ہے، اور اسے ٹكڑيوں ميں تقسيم كرنا گناه كبيره ہے، اگر كبھى آپ محسوس كريں كه آپ كے پيچھے ہٹ جانے سے اختلاف ختم ہو سكتا ہے تو آپ اپنى قربانى پيش كريں، اور امت ميں تفريق كو كسى حال ميں گوارا نه كريں، مسلك ومشرب وذوق كى تبليغ نه كريں، بلكه قرآن وسنت كى تعليم ديں، انسانوں كو خدا كى بندگى اور نبى اكرم صلى الله عليه وسلم كى اطاعت پر مجتمع كريں۔
دعا پر اس تقريب كا اختتام ہوا۔
———————————————–
ڈاكٹر محمد اكرم ندوى، حدیث اور تاریخ حدیث کے ممتاز اسکالر اور السلام انسٹی ٹیوٹ، برطانیہ کے پرنسپل ہیں۔
akramnadwi@alsalaminstitute.org
کمنت کیجے