محترم جوہر صاحب برصغیر میں مسلمانوں کے تہذیبی وجود سے متعلق یہ سوال تو بہت درست متعین کرتے ہیں کہ مغل اقتدار کے اضمحلال اور مرہٹہ طاقت نیز برطانوی استعمار کے قوت پکڑنے کی صورت حال میں اہم ترین سوال یہ تھا کہ تہذیبی وجود کو حصار فراہم کرنے والی سیاسی طاقت کی بحالی کی طرف کیسے پیش رفت کی جائے؟ شاہ عبد العزیزؒ کے فتوے کا حوالہ بھی صورت حال کے تغیر کی نشان دہی کی حد تک درست ہے، اگرچہ اس فتوے سے ’’بحالی کی کوشش’’ یا اس کا لائحہ عمل اخذ کرنا (مثلاً جہاد کی فرضیت وغیرہ) محض ایک استنباط ہے جو بظاہر بہت کمزور ہے۔
یہ سوال اس دور کی مذہبی فکر کے سامنے تھا اور ’’بحالی کی کوشش’’ کے جو تین چار ماڈل دستیاب تھے، وہ سب یکے بعد دیگر آزمائے بھی گئے۔ مثلاً
(۱) شاہ ولی اللہؒ کا احمد شاہ ابدالی کو حملے کی دعوت دینا اگر درست ہو، جیسا کہ عموماً مورخین بیان کرتے ہیں، تو وہ اسی نوعیت کی ایک کوشش تھی۔ وہ الگ بات ہے کہ اس کوشش کے نتائج کیا نکلے۔
(۲) دکن اور بنگال کی حکومتوں کی طرف سے کمپنی کی مزاحمت کی کوششیں معروف ہیں اور انھیں اس ضمن کی سب سے نمایاں اور اہم کوششیں قرار دیا جا سکتا ہے۔
(۳) مہدی کا انتظار کرنا اور اس کے زمانے کو بس قریب ہی سمجھنا یہ مسلمانوں کے ہاں چلا آنے والا ایک قدیمی لائحہ عمل تھا جو برصغیر کی مذہبی فکر میں بھی موجود تھا۔
(۴) منتشر ہوتی ہوئی سیاسی طاقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی جگہ طاقت کا ایک نیا مرکز قائم کرنے کی کوشش بھی اسی کی ایک شکل تھی۔ سید احمدؒ اور شاہ اسماعیلؒ نے دراصل تیسرے اور چوتھے لائحہ عمل کے امتزاج سے ہی اپنی تحریک کا نقشہ بنایا تھا۔
(۵) اور ۱۸۵۷ء میں برطانوی اقتدار کے خلاف بغاوت کی کوشش اس کی آخری ممکنہ شکل تھی جس کی ناکامی کے بعد یہاں کا مذہبی فکر، چاہے وہ سرسید کا مکتب فکر ہو یا وہابی تحریک یا بریلوی اہل علم یا دیوبندی علماء یا پھر تحریک احمدیہ، سب اس پر یکسو ہو گئے تھے کہ ’’سیاسی اقتدار کی بحالی’’ بہ حالات موجودہ ناقابل عمل ہے۔
برصغیر کو بدستور دارالاسلام مانا جائے یا دار الکفر مان کر اسے دارالامن کی حیثیت سے قبول کیا جائے، یہ صورت حال کی فقہی تکییف میں محض ایک نظری سا اختلاف تھا جس کا عملی نتیجہ ایک ہی تھا، یعنی برطانوی اقتدار کی قانونی حیثیت کو قبول کر کے اس کے ساتھ مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا۔ خلاصہ یہ کہ مذہبی فکر نے ٹھنڈے پیٹوں اس تغیر کو قبول نہیں کیا، بلکہ ’’اقتدار کی بحالی’’ کے تمام ممکنہ راستے آزمانے کے بعد ہی وہ اس نتیجے پر پہنچی تھی۔
جوہر صاحب کا یہ تجزیہ بھی تاریخی طور پر درست ہے کہ سیاسی طاقت کے تحفظ یا بحالی کے باب میں نئے حالات میں اگر کسی کوشش کو کامیابی حاصل ہوئی تو وہ ’’مسلم قومیت’’ کا سیاسی بیانیہ تھا جس نے بالآخر تحریکِ پاکستان کی صورت اختیار کی۔ البتہ اس نئے بیانیے کی کامیابی کی درست اور معروضی تاریخی تفہیم نہیں ہو سکتی، اگر اس کی تشکیل اور نتیجہ خیزی کے تاریخی عوامل کو ملحوظ نہ رکھا جائے۔ ہمارے نزدیک یہ عوامل بنیادی طور پر تین ہیں:
۱۔ سیاسی طاقت کا ایک نیا ہارڈ ویئر، یعنی جدید ریاست
۲۔ مسلم قومیت یعنی مسلمانوں کے جداگانہ سیاسی تشخص کا احساس رکھنے والا ایک نیا طبقہ جو سرسیدؒ کی سیاسی وتعلیمی تحریک سے پیدا ہوا
۳۔ اور تحریکِ تجدد، یعنی مسلمانوں کی مذہبی روایت اور تراث کو جوں کا توں قبول کرنے کے بجائے اصل مصادر کی بنیاد پر اس کی تنقید اور تجزیے کا رجحان ان تینوں عناصر کے اجتماع کے بغیر ’’مسلم قومیت’’ کا وہ بیانیہ وجود میں نہیں آ سکتا تھا جس نے بدلے ہوئے تاریخی حالات میں مسلم سیاسی طاقت کے تحفظ اور بحالی کے امکانات دریافت کیے اور تاریخ میں نتیجہ خیز ہوا اور یہ ایک بالکل واضح بات ہے۔ قومیت، نمائندگی اور خود اختیاری کا سافٹ ویئر جدید ریاست کے ہارڈویئر کے بغیر قابل فہم اور کارآمد نہیں ہو سکتا تھا۔ اگر سرسید اپنی سیاسی وتعلیمی تحریک سے مسلمانوں میں قومی سطح پر اس کا شعور اور احساس رکھنے والا جدید تعلیم یافتہ طبقہ پیدا نہ کرتے تو بھی اس بیانیے کا وجود میں آنا ممکن نہیں تھا۔ اور اگر تجدد (یا روایت اور تراث کی تنقید) کا رجحان مذہب کی تفہیم کے اور اس کو شناخت کی بنیاد بنانے کے نئے فکری اور عملی امکانات دریافت نہ کرتا تو ثقافت میں اور مذہبی طبقوں کی سطح پر مذہب جس شکل میں موجود تھا، وہ قطعاً کسی نئے قومی اور سیاسی شعور کی بنیاد فراہم نہیں کر سکتا تھا۔
برصغیر میں مسلمانوں کی سیاسی طاقت کی بقا اور تحفظ ’’قومی ریاست’’ کے تصور کے طور پر ممکن ہوا، اسے ایک تاریخی واقعے کے طور پر تو جھٹلانا ممکن نہیں، لیکن ہمارے قومی شعور میں اس حوالے سے فکری وضوح نہیں ہے کہ اس نئی سیاسی ہیئت کو حتی الامکان اپنے تہذیبی تقاضوں کی تکمیل کا ذریعہ بنانے کا راستہ کیا ہونا چاہیے۔ یہاں بنیادی نوعیت کی الجھن یا فراموشی یا بے آمادگی اس بات کو شعوری طور پر تسلیم نہ کرنے سے پیدا ہوتی ہے کہ سیاسی طاقت کے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کی باہمی مناسبت اور ہم مزاجی ضروری ہے۔ جیسے ایک مشین کے لیے بنایا گیا سافٹ ویئر دوسری مشین میں کارآمد نہیں ہوتا، اسی طرح سیاسی طاقت کی ایک ہیئت میں کارگر تصورات اور ڈھانچے دوسری طرح کی ہیئت میں کارآمد نہیں ہوتے۔
مزید یہ کہ سافٹ ویئر سے کام لینے کی بھی ایک تربیت درکار ہوتی ہے۔ مشین کے بٹنوں یا پرزوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والا ہر شخص اس کا اہل نہیں ہوتا کہ وہ مشین کو استعمال کر سکے۔ سیاسی طاقت کی ہر ہیئت بھی نظام کا ایک جامع تصور اور پورا فکری سانچہ بناتی ہے اور نظام کو چلانے کے لیے اسی فکری سانچے میں کل پرزے بھی تیار کرتی ہے۔ اس سے مختلف فکری سانچہ رکھنے والا کوئی طبقہ یا کل پرزے اس نظام کو نہیں چلا سکتے۔ نظام اور اس کی کارکردگی میں جو بھی بہتری یا ارتقا ہونا ہوتا ہے، اس کے راستے بھی اسی ہیئت کے اندر سے نکالنے پڑتے ہیں اور نکالے جا سکتے ہیں، جیسے مسلم قومیت کے تصور نے برطانوی اقتدار کے سیاسی ڈھانچے کے اندر سے وہ امکانات دریافت کیے جو برصغیر میں مسلمانوں کی الگ سیاسی شناخت کو محفوظ کرنے کا ذریعہ بنے۔ مسلمانوں کی قدیم تاریخ میں اس کی مثال دیکھنی ہو تو خوارج کی تحریکوں کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے جنھوں نے ’’عرب سلطنت’’ کی بنیادی سیاسی ہیئت کو نظرانداز کرتے ہوئے قریش کے حق خلافت کو چیلنج کیا اور کئی صدیوں تک کشمکش برپا کیے رکھی جس کے نتیجے میں ’’اسلامی حکومت’’ تو کہیں قائم نہیں ہو سکی، البتہ عربوں سے اقتدار غیر عرب نسلوں کی طرف ضرور منتقل ہو گیا۔
جدید تناظر میں یہ الجھنیں پیدا کرنے میں سب سے بنیادی کردار ہمارے مذہبی مفکرین کا ہے جن کا مطمحِ نظر پچھلی ایک صدی میں صرف یہ رہا ہے کہ سرسید کی تحریک نے قومی قیادت کے لیے جو ایک نیا طبقہ پیدا کیا ہے اور وہ قوم کی زمامِ کار سنبھالتا چلا جا رہا ہے، اس کو کسی طرح سائیڈ لائن کر کے خود کو متبادل قیادت کے طور پر قوم سے منوایا جائے یا کوئی بھی جگاڑ کر کے اس سے زمامِ کار چھیننے کی کوشش کی جائے۔ خلافت، حکومت الٰہیہ، اقامت دین، اسلامی نظام، نفاذِ شریعت اور پتہ نہیں کس کس عنوان سے افکار، نظریات، منصوبے اور تحریکیں میدان میں اتاری گئی ہیں تاکہ سیاسی طاقت کا جو مذہبی تصور تاریخ کے میدان میں شکست کھا کر irrelevant ہو چکا ہے، اس سے اور کچھ نہیں تو پیالی میں طوفان اٹھانے کا کام لیا جاتا رہے اور نتیجتاً کوئی یکسوئی پیدا نہ ہونے دی جائے، کیونکہ اگر قومی جہد وعمل میں اس حوالے سے یکسوئی پیدا ہو جائے کہ ہمیں جدید ریاست کو اسی نئے طبقے کی قیادت میں اپنے تہذیبی مقاصد کے لیے کارآمد بنانا ہے تو شکست خوردہ طبقوں کی irrelevance پر تاریخ کی قطعی مہر ثبت ہو جائے گی۔
یہ حکمت عملی غیر شعوری نہیں، بلکہ مکمل طور پر شعوری ہے۔ ایک بہت معتبر مذہبی سیاسی شخصیت کی ایک نجی گفتگو ہم تک ثقہ ذرائع سے پہنچی ہے جس میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ جو جدوجہد کر رہے ہیں، کیا آپ کو یقین ہے کہ اس سے یہاں اسلامی نظام نافذ ہو جائے گا؟ انھوں نے کہا کہ نہیں۔ پوچھا گیا تو پھر؟ انھوں نے فرمایا، پھر کیا؟ نہ کھیلیں گے اور نہ کھیلنے دیں گے۔




کمنت کیجے