Home » امام رازی، افلاطونی امثال اور کتاب “نھایة العقول”۔
اسلامی فکری روایت • شخصیات وافکار • عربی کتب • فلسفہ

امام رازی، افلاطونی امثال اور کتاب “نھایة العقول”۔

کتاب “الملخص” اور “المطالب” کے بعد اب آئیے یہ دیکھتے ہیں کہ کتاب “نھایة العقول” میں آپ افلاطونی امثال کا ذکر کیسے و کہاں لائے ہیں۔ یہ تذکرہ نصاری کے حضرت عیسی علیہ السلام کی الوہیت کے دعوے کے ضمن میں ہے۔ امام رازی کہتے ہیں کہ نصاری کے ہاں باپ و بیٹے کے مسئلے کی نوعیت پر بہت قیل و قال ہے، اس لئے حسب عادت آپ کہتے ہیں کہ ہم اس کی امکانی توجیہات طے کرکے پھر ہر فرقے کے موقف پر بات کریں گے۔ آپ اس کی توجیہہ کے چودہ آنٹالوجیکل امکانات بناتے ہیں، پھر مختلف فرقوں کی رائے ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عیسائیوں کے فرقے ملکانیہ نے خدا و عیسی علیہ السلام کے مابین اتحادی تعلق کو افلاطونی امثال کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ آپ اس کی تفصیل یہ بتاتے ہیں:

وذهب أفلاطون إلى أن كل حقيقة يوجد لها أشخاص في الوجود المحسوس فإن لتلك الحقيقة من حيث إنها كلية وجودا باقيا أزليا لا يتغير، واتحج عليه بأن قال: لما صدق أن هذا الإنسان موجود في الأعيان صدق أيضا أن الإنسان موجود في الأعيان؛ لأن هذا الإنسان عبارة عن مجموع حقيقة الإنسان مع قيد تعين ذلك الإنسان المخصوص، ومتى كان المركب موجودا فالمفرد لا محالة موجود؛ فإذن الإنسان من حيث هو إنسان موجود في الأعيان، لـكن الإنسان من حيث هو إنسان حقيقة لا يمنع نفس تصرها عن وقوع الشركة فيه، فإذن الإنسان أمر كلي، وقد ثبت أنه موجود في الأعيان فإذن الأنسان الكلي موجود في الأعيان، وإنه لا يتطرق إليه العدم والفساد؛ لأن الإنسان يستحيل أن يخرج عن كونه إنسانا، ثم إن ذلك الإنسان هو حقيقة كل واحد من الأناس الشخصية الكائنة الفاسدة، مثل زيد وعمروا، فإن الإنسان الذي هو جزء من مفهوم زيد وعمرو وخالد ليس إلا مفهوما واحدا وحقيقة متحدة، وإذا ثبت ذلك في الإنسان فالأمر أيضا في جميع الماهيات كذلك، ثم إنه سمى تلك الأمور الكلية الباقية مثلا. وإذا قد عرفت ذلك فالملكانية زعموا الاتحاد ما وقع بعيسى من حيث إنه ذلك الإنسان الشخصي، بل بالإنسان الكلي الذي هو ماهية ذلك الشخص؛ فهذا نهاية تلخيص مقالتهم.

مفہوم: “اور افلاطون نے یہ کہا کہ ہر وہ حقیقت جس کے افراد اس مادی دنیا میں پائے جاتے ہیں، اس حقیقت کو بحیثیتِ کلی (universal) ہونے کے بھی ایک دائمی، ازلی اور غیر متغیر وجود حاصل ہے۔ اور اس نے اس پر یوں دلیل قائم کی: جب یہ بات سچ ہے کہ ‘یہ (مخصوص) انسان’ (مثلاً زید) خارج میں موجود ہے، تو یہ بات بھی سچ ہے کہ ‘(کلی) انسان’ (Universal        Man) بھی خارج میں موجود ہے، اس لئے کہ ‘یہ انسان’ دراصل انسان کی حقیقت اور اس مخصوص انسان کی قیدِ تعین کے مجموعے کا نام ہے۔ اور جب مرکب موجود ہو تو اس کا مفرد لازماً موجود ہوتا ہے، پس انسان بحیثیتِ انسان ہونے کے خارج میں موجود ہے۔ پھر جب انسان بحیثیتِ انسان ہونے کے ایک ایسی حقیقت ہے جس کا تصور اپنے اندر شرکت (یعنی کثیرین پر صادق آنے) کو منع نہیں کرتا، لہذا انسان ایک امرِ کلی ہے۔ اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ وہ خارج میں موجود ہے، پس معلوم ہوا کہ ‘کلی انسان’ بھی خارج میں موجود ہے، اور اس پر عدم اور فنا طاری نہیں ہو سکتے اس لئے کہ انسان کا اپنے انسان ہونے کی ماہیت سے نکل جانا محال ہے (یعنی انسان کا انسان ہونا معدوم نہیں ہوسکتا)۔ پھر یہی (کلی انسان) ان تمام فانی اور حادث افراد جیسے زید اور عمرو کی اصل حقیقت ہے کیونکہ وہ ‘انسان’ جو زید، عمرو اور خالد کے مفہوم کا جز ہے وہ صرف ایک ہی مفہوم اور متحد حقیقت ہے۔ پس جب یہ بات انسان کے بارے میں ثابت ہوگئی، تو تمام دیگر ماہیتوں کا معاملہ بھی اسی طرح ہے (کہ ان کی بھی کلی خارج میں موجودہے)۔ افلاطون نے ان باقی رہنے والے کلی امور کا نام امثال (Forms/Ideas) رکھا۔ اور جب تم نے یہ بات سمجھ لی، تو (عیسائیوں کے فرقے) ملکانیہ نے یہ گمان کیا کہ (کلمہ الہی کا) اتحاد عیسی (علیہ السلام) کے ساتھ بحیثیت اس مشخصِ انسان کے نہیں ہوا (جو اس مادی دنیا میں آئے)، بلکہ اس ‘کلی انسان’ کے ساتھ ہوا ہے جو اس شخص کی ماہیت ہے۔ پس یہ ان کے موقف کا مکمل خلاصہ ہے۔”

یعنی اس فرقے کے مطابق کلمہ الہی و عیسی علیہ السلام کا اتحاد عالم مثال کے کلی انسان میں ہوا تھا نہ کہ اس انسان میں جو خارج میں عیسی علیہ السلام بن کر آئے۔ آپ کا جواب ملاحظہ کیجئے:

الجواب: إنا سنبين في باب ما يستحيل على اللٰه تعالى أن الاتحاد والحلول محالان، ولئن سلمنا ذلك ولـكن نقول: يمتنع أن يكون الإنسان الكلي موجودا في الأعيان لأن الإنسان الكلي مشترك فيه بين أشخاص، فلو كان موجودا في الخارج لكان الشيء الواحد موصوفا بالصفات المتضادة، أعني علم زيد وجهل عمرو، وطول بكر وقصر خالد
قوله: الإنسان لما كان موجودا في الخارج كان الإنسان الكلي موجودا في الخارج.
قلنا: الإنسان من حيث إنه إنسان ليس إلا أنه إنسان، وأما كونه كليا فهو قيد من قيوده، وهذا أمر خارج عنه لا يعرض له إلا عند كونه ذهينا، فلا يلزم من كون الإنسان موجودا في الخارج كون الإنسان الكلي موجودا في الخارج. وإن سلمنا وجود الإنسان الكلي في الخارج لكنا نقول: لو اتحدت الكلمة به وهو مشترك جميع الناس لزم أن لا يختص بعض الناس بهذا الاتحاد دون البعض، وإنه باطل.
مفہوم: “جواب: ہم عنقریب باب ‘اللہ پر کیا چیزیں محال ہیں’ میں یہ ثابت کریں گے کہ (اللہ کے لئے) اتحاد اور حلول دونوں محال ہیں۔ لیکن اگر ہم بالفرض اس امکان کو تسلیم بھی کرلیں، تب بھی ہم کہیں گے کہ کلی انسان کا خارج میں موجود ہونا محال ہے اس لئے کہ کلی انسان تمام افراد کے درمیان ایک مشترک حقیقت ہے۔ اگر وہ خارج میں موجود ہوتا، تو ایک ہی شے کا بیک وقت متضاد صفات سے موصوف ہونا لازم آتا، یعنی زید کا علم اور عمرو کا جہل، اور بکر کی لمبائی اور خالد کی پست درازی (ایک ہی کلی انسان میں جمع ہو جاتے جو کہ باطل ہے اس لئے کہ یہ جمع بین الضدین ہے)۔
مخالف کا یہ قول کہ ‘چونکہ انسان خارج میں موجود ہے، اس لیے کلی انسان بھی خارج میں موجود ہے’، اس پر ہم کہتے ہیں کہ انسان بحیثیتِ انسان ہونے کے صرف انسان ہی ہے (یعنی ماہیتِ انسان بذاتِ خود نہ کلی ہے نہ جزئی)۔ رہا اس کا ‘کلی’ ہونا، تو وہ اس کے اعتبارات میں سے ایک قید ہے، اور یہ ایک ایسی عارض چیز ہے جو انسان ہونے سے خارج ہے اور جو انسان پر صرف اس وقت عائد ہوتی ہے جب وہ ذہن میں ہوتا ہے۔ لہذا انسان کے خارج میں موجود ہونے سے یہ لازم نہیں آتا کہ کلی انسان بھی خارج میں موجود ہو۔ اور اگر ہم (بالفرض) کلی انسان کا خارج میں وجود تسلیم کر بھی لیں، تب بھی ہم کہیں گے کہ اگر کلمہ (الہی) اس (کلی انسان) کے ساتھ متحد ہوا ہو، جبکہ وہ کلی انسان تمام انسانی افراد کے درمیان مشترک ہے، تو لازم آئے گا کہ یہ اتحاد کسی خاص انسان (مثلاً عیسی علیہ السلام) کے ساتھ مخصوص نہ رہے (بلکہ تمام انسانوں کے لیے عام ہو جائے)، اور یہ بات (تمہارے نزدیک بھی) باطل ہے۔”

یعنی برسبیل تنزیل جو جواب آپ نے دئیے ہیں اس کی رو سے آپ کا پہلا جواب یہ ہے کہ کلی انسان کے وجود کا مفروضہ جمع بین الضدین ہے لہذا اس اتحاد کا دعوی باطل ہے، دوسری بات یہ کہ کلی ایک ذہنی عارضہ یا معقولِ ثانی (secondary         intelligible) ہے جس کا خارج میں کوئی مستقل وجود نہیں ہوتا لہذا اتحاد کے لئے اسے بنیاد بنانا بے معنی ہے، تیسری بات یہ کہ اگر مخالف کی بات مان کر کلی انسان کو خارج میں ایک وجود تسلیم کر بھی لیا جائے تو چونکہ افلاطونی کلی تمام انسانوں میں مشترک ہوتی ہے لہذا دنیا کا ہر انسان ابن اللہ ماننا پڑے گا۔

دیکھا جاسکتا ہے کہ یہاں امام رازی افلاطونی ملکانی فرقے والوں کو جمع بین الضدین کا وہی الزام دے رہے ہیں جو کتاب “الملخص” میں بھی مذکور ہے، لیکن “الملخص” میں آپ نے افلاطون کی جانب سے مشائی فلاسفہ کو اس اعتراض کا الزامی جواب دیا ہے کہ وجود کے بارے میں تمہارا اپنا نظریہ افلاطونی امثال کو جگہ فراہم کردیتا ہے۔ افلاطون کی جانب سے مشائی فلاسفہ کو یہ الزامی جواب دینے کا مطلب یہ نہیں کہ افلاطونی فکر پر جمع بین الضدین کا اعتراض وارد ہی نہیں ہوتا یا امام رازی افلاطونی امثال کے بارے میں بہت سنجیدہ ہیں یا آپ اس کی کوئی الگ قسم کی تشریح کے قائل ہیں نیز اس سے سپائیکر صاحب کے پراجیکٹ کو آشیرباد ملتا ہے۔ اس قسم کے نتائج سپائیکر صاحب “الملخص” کے سیاق کلام کو توڑ مروڑ کر حاصل کرتے ہیں (اور یہ بات یہ کہہ دینے سے بھی صاف نہیں ہوتی کہ سپائیکر صاحب کے نزدیک امام رازی کچھ الگ قسم کے افلاطونی امثال کے قائل تھے، یاد رہے کہ امام صاحب کی جانب اس “الگ قسم والے امثال” کی نسبت کے لئے بھی دلیل درکار ہے)۔ آپ نے سب کچھ بھلا کر اس مقام کو استعمال تو کرلیا، لیکن ایسا کرتے ہوئے انہیں یہ خیال نہ آیا کہ باقی مقامات کا کیا کرنا ہے۔ چونکہ امام رازی کی طرف ان کا رویہ محض آلاتی قسم کا ہے نہ کہ ان کے موقوف کی تحقیق کرنے کا یا اسے وقیع سمجھنے کا، لہذا ان علمی سوالات میں ان کے ہاں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔

الغرض سپائیکر صاحب کا دعوی اس قدر بے بنیاد ہے کہ اس کی تردید کے لئے اس قدر تفصیل کی ضرورت نہ تھی، امام صاحب کے اپنے اصول و قواعد کا علم ہی اس کی تردید کے لئے کافی ہے۔ ان اصولوں سے صرف نظر کرکے ادھر ادھر سے کوئی عبارت پکڑ کر امام صاحب کا موقف طے کرنا ایک غیر سنجیدہ فعل ہے۔ لیکن ہم اس تفصیلی تنقیح میں اس لئے گئے تاکہ اس خلط مبحث کو اچھے سے صاف کردیا جائے۔

ڈاکٹر زاہد صدیق مغل

زاہد صدیق مغل، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں معاشیات کے استاذ اور متعدد تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں۔
zahid.siddique@s3h.nust.edu.pk

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں