Home » وجودِ مطلق کے واجب الوجود ہونے کا دعوی
اسلامی فکری روایت • شخصیات وافکار • کلام

وجودِ مطلق کے واجب الوجود ہونے کا دعوی

علامہ الایجی کی کتاب سے افلاطون اور وجودی روایت کے خیالات میں پیوست بعض اشکالات کے مطالعے کے بعد اب ہم علامہ صدر الشریعہ بن مسعود المحبوبی ماتریدی (م 747 ھ) کی کتاب “تعدیل العلوم (فی الکلام)” کی جانب رجوع کرتے ہیں۔ آپ کہتے ہیں کہ بعض صوفیا کا دعوی ہے کہ واجب الوجود وہی “وجودِ مطلق” ہے جو تمام موجودات کو محیط ہے۔ صدر الشریعہ اس دعوے کے مقدمات پر نقد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ یہ ایک محال بات ہے۔ آپ نے وجودیہ کے بعض دلائل اور خود اس نظریے، دونوں پر نقد کیا ہے جسے ہم ذیل میں پیش کرتے ہیں۔

– وجودیہ کی ایک دلیل پر تبصرہ

وجودیہ کا کہنا ہے کہ واجب یا (الف) معدوم ہوگا، یا (ب) عدم، یا (ج) موجود، اور یا (د) وجود۔ پہلی دو صورتوں کا باطل ہونا واضح ہے کیونکہ واجب وہ ہے جس کا عدم محال ہو، تو نہ وہ عدم ہو سکتا ہے نہ معدوم۔ تیسری بات بھی غلط ہے کیونکہ اس صورت میں وہ مرکب ہوگا (کیونکہ موجود “ما لہ الوجود” ہے، یعنی ‘وجود’ اور ‘ذات جسے وجود ملا’ کا مرکب) اور واجب ان کے نزدیک مرکب نہیں ہوسکتا۔ پس چوتھی ہی بات درست ہوئی کہ وہ وجود ہے۔

اس کے جواب میں علامہ صدر الشریعہ کہتے ہیں کہ یہاں “موجود” میں مفہوم کی ترکیب صرف ذہنی ہے، خارج میں اس کا مصداق یعنی ذات اور وجود ایک ہی ہے (صدر الشریعہ وجود کو ماہیت پر کوئی اضافی صفت نہیں مانتے، آپ ائمہ اشاعرہ و ماتریدیہ کے اس موقف پر قائم ہیں کہ وجود کسی معین ماہیت کا خارج میں تحقق ہونا ہے اور بس، نیز اس معنی میں وجود و ماہیت ایک ہیں)۔ پس خارجی موجودات کے اعتبار سے امور کو ان چار شقوں میں بند کرنے کا حصر غلط ہے نیز واجب کے ایک مشخص ماہیت ہونے سے اس کی ذات میں ترکیب لازم نہیں آتی (آپ یہ بھی دکھاتے ہیں کہ اس بحث میں اگر مراد خارجی مصداق نہیں بلکہ مفہوم ذہنی ہے تو بھی ان چار کا حصر غلط ہے)۔

– وجود مطلق کو واجب کہنے کی غلطی

وجودِ مطلق کو واجب کہنا اس مفروضے پر مبنی ہے کہ وجود ایک ایسا معنی یا مفہوم ہے جو اشتراک معنوی ہے۔ تاہم ہمارا مشاہدہ ہے کہ اس عالم میں بعض موجودات معدوم ہوتی ہیں۔ اب اگر یہ کہا جائے کہ وجود مطلق ہی نے سب موجودات کا احاطہ کیا ہوا ہے (یا سب کی صورت اختیار کر رکھی ہے یا وہ سب قیود سے متصف ہے وغیرہ)، تو پھر صورت استدلال یہ بنتی ہے:

* جو وجود ایک کلی یا مطلق حقیقت ہو اس کے بعض افراد کا باقی نہ رہنا معلوم ہے (کیونکہ ہم بعض موجودات کو معدوم ہوتا دیکھتے ہیں)

* جس حقیقت کے بعض افراد باقی نہ رہیں وہ واجب الوجود نہیں ہوتی (جیسے انسان اور گھوڑا، جن کے افراد فنا ہوتے ہیں اور سب کا اس پر اتفاق ہے کہ یہ واجب نہیں اس لئے کہ ان کے افراد باقی نہیں رہتے)

* نتیجہ: پس وجود مطلق واجب نہیں

علامہ صدر الشریعہ اس نتیجے کے وضوح کے پہلو کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جس دلیل کے صغری کا ظہور کسی صاحب حس پر مخفی نہ ہو، اور کبری بدیہی ہو جو کسی پر مخفی نہ ہو، اور استدلال کی ساخت (شکلِ اول پر) بدیہی ہو، تو نتیجہ بھی ایسا ہوگا جو کسی صاحبِ حس و عقل پر مخفی نہ ہوگا۔

– ایک مزید کلیدی دلیل پر تبصرہ

اس کے بعد صدر الشریعہ وجودیہ کی جانب سے وجود مطلق پر ایک بنیادی استدلال کو ایڈریس کرتے ہیں۔ وہ استدلال یوں ہے:

الف) وجود ایک حقیقت ہے
ب) یہ حقیقت عدم کو قبول نہیں کرتی (اگر ایسا ہو تو وجود اور عدم کے مابین جمع کی صورت بن جائے گی)،
ج) جو حقیقت عدم کو قبول نہ کرے وہ واجب ہے (کیونکہ ممکن وہ ہے جو وجود و عدم دونوں کو قبول کرے)،
د) پس وجود واجب ہے۔
ھ) چونکہ وجود ایک ہی حقیقت ہے جو سب موجودات میں مشترک ہے (اس کے لئے یہ حضرات الگ سے کچھ دلائل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں)، تو سب موجودات اسی واجب کے افراد، مظاہر یا مراتب وغیرہ ٹھہرتے ہیں،
و) یوں وحدت الوجود نتیجے کے طور پر نکل آئی۔

اس کے جواب میں صدر الشریعہ:

* قضیہ (الف) اور (ھ) پر انگلی رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ وجود نہ کوئی صفت و حقیقت ہے اور نہ ہی تمام موجودات میں مشترک بلکہ یہ اشتراک لفظی ہے (وجود کے مشترک ہونے پر دیے جانے والے دلائل پر آپ نے (اور آپ سے قبل دیگر متکلمین نے) تبصرہ کیا ہے اور ہم کسی الگ تحریر میں ان تبصروں کو ان شاءاللہ پیش کریں گے)،

* اگر مان بھی لیا جائے کہ یہ کوئی مشترک صفت ہے تب بھی یہاں دو چیزوں کو خلط ملط کیا جارہا ہے۔ ایک ہے:

(1) “وجود عدم ہے” (یعنی حمل مواطأة یا essential / identity        predication)، یہ محال ہے۔ جبکہ دوسرا ہے

(2) “وجود معدوم ہے” (یعنی حمل اشتقاق یا denominative / derivative        predication)، یہ محال نہیں

جیسے جوہر اور عرض اگرچہ متنافی ہیں مگر “جوہر عرض والا ہے” کہنا درست ہے۔ “وجود معدوم ہے” جملے میں “معدوم” کا مطلب یہ نہیں کہ وجود ہی عدم ہے، بلکہ یہ ہے کہ وجود “عدم والا” ہے، یعنی اس پر عدم کا حکم لگا، اور اس کا مطلب یہ بنتا ہے کہ “وجود معدوم یا ختم ہوگیا یا وجود نہیں رہا”وغیرہ۔ آپ نشاندہی کرتے ہیں کہ وجود عدم کی نقیض ہونے سے صرف (1) محال ہوتا ہے نہ کہ (2)۔ لہذا اس دلیل سے مطلقاً یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ “وجود عدم قبول نہیں کرتا”۔ نیز صدر الشریعہ درج بالا دلیل میں قضیہ (ب) کی غلطی واضح کرتے ہیں کہ وجود اگرچہ مطلق و مشترک ہو لیکن اس کے بعض افراد معدوم ہوجاتے ہیں جیسا کہ ہمارا مشاہدہ ہے۔

صدر الشریعہ کے جواب کی مزید توضیح یوں کی جاسکتی ہے کہ جب وجود مشخص ماہیت کا عین ہے، تو “وجود معدوم ہے” کا مطلب یہ ہے کہ کسی معین ماہیت کا خارجی تحقق نہیں۔ معدوم کی کئی صورتیں ہیں: وہ جو موجود ہو کر فنا ہوا، وہ جو آئندہ موجود ہوگا لیکن ابھی معدوم ہے، اور وہ جو ممکن ہو کر بھی اللہ کے ارادے کا متعلق نہ ہونے سے ہمیشہ معدوم رہے گا۔ ان سب میں وجود و عدم کا اجتماع ایک ہی زمانے اور جہت میں نہیں ہوتا، اس لیے اجتماع نقیضین لازم نہیں آتا۔

نوٹ: “انسان کے افراد فنا ہوں تو انسان واجب نہیں”، یہ حکم کلی اور اس کے افراد کے رشتے پر استوار کیا گیا ہے۔ تاہم جن وجودیہ نے وجود بطور بسیط مشکک یا مراتب وجود کی جہت سے استدلال کرنے کی کوشش کی، یا جو یہ کہتے ہیں کہ افراد نہیں بلکہ تعینات معدوم ہوتے ہیں، یا جو مطلق کو ایسی واحد حقیقت کہتے ہیں جو کثیرین پر صادق ہونے کے بجائے کثیرین کا مصدر ہے وغیرہ، ان مواقف پر تبصرہ کچھ مختلف انداز سے ہوگا جن کے اصول پچھلی اور اس تحریر میں موجود ہیں۔ ضرورت پڑنے پر الگ سے تحریر بھی لکھی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر زاہد صدیق مغل

زاہد صدیق مغل، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں معاشیات کے استاذ اور متعدد تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں۔
zahid.siddique@s3h.nust.edu.pk

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں