سوال:
سورۂ سجدہ کی آیات ۷ تا ۹ کی تفسیر میں غامدی صاحب نے بیان کیا ہے کہ انسان کے حیوانی وجود کی ابتدائی تخلیق زمین کے پیٹ میں ہوئی تھی، جس طرح اب اُس کی پیدایش رحمِ مادر میں ہوتی ہے۔ اِس پر اعتراض ہے کہ قرآنِ مجید نے زمین کو کہیں بھی رحمِ مادر کی طرح ابتدائی تخلیق کا مقام قرار نہیں دیا۔ پھر غامدی صاحب نے یہ بات کس بنیاد پر کہی ہے؟
جواب:
غامدی صاحب نے یہ توضیح قرآنِ مجید کے مختلف بیانات کو سامنے رکھ کر کی ہے۔ اِسے سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اُن بیانات کا جائزہ لیا جائے، پھر یہ دیکھا جائے کہ اُن میں کیا بات براہِ راست کہی گئی ہے اور کیا بات اُن سے استنباط کی گئی ہے۔
’البیان‘ میں اُن کی توضیح یہ ہے کہ انسان کے حیوانی وجود کی ابتدائی تخلیق کے لیے بھی وہی طریقہ اختیار کیا گیا جس سے اب انسان پیدا ہوتا ہے۔ اُن کے نزدیک فرق طریقۂ تخلیق کا نہیں، بلکہ اُس کے مقام اور مادے کا ہے۔ یعنی جو عمل اب رحمِ مادر میں انجام پاتا ہے، ابتدا میں زمین اُس کا مقام تھی۔ ہم جانتے ہیں کہ آج زمین کے اجزا ہی غذا کی صورت میں انسانی جسم کا حصہ بنتے اور بالآخر حقیر پانی کے اُس خلاصے کی تشکیل میں شریک ہوتے ہیں جس سے نسلِ انسانی آگے بڑھتی ہے۔ ابتدا میں یہی اجزا کسی انسانی واسطے کے بغیر زمین کے اندر، گارے کی حالت میں، اِسی طرح تخلیق کے مراحل سے گزرے۔
اِس توضیح کی بنیاد قرآن مجید میں صراحتا بیان ہوئی ہے جسے چار پہلوؤں سے سمجھا جا سکتا ہے۔
۱۔ زمین سے انسان کا اگایا جانا
قرآنِ مجید انسان کی تخلیق میں مختلف مراحل کا ذکر کرتا اور اُسے زمین سے اگائے جانے کے عمل سے تعبیر کرتا ہے۔ سورۂ نوح میں سیدنا نوح علیہ السلام کی یہ بات نقل ہوئی ہے:
وَقَدْ خَلَقَكُمْ أَطْوَارًا. (نوح ۷۱: ۱۴)
’’حالاں کہ اُس نے تمھیں مختلف مراحل سے گزار کر پیدا کیا ہے۔‘‘
’أَطْوَارًا‘ کا لفظ مختلف حالتوں اور مراحل کو بیان کرتا ہے۔ اِس سے اُن کی نوعیت اور تفصیل تو متعین نہیں ہوتی، لیکن یہ بات ضرور معلوم ہوتی ہے کہ انسان کی تخلیق بتدریج ہوئی ہے۔
اِسی بیان میں آگے فرمایا ہے:
وَاللّٰهُ أَنْبَتَكُمْ مِنَ الْأَرْضِ نَبَاتًا. ثُمَّ يُعِيدُكُمْ فِيهَا وَيُخْرِجُكُمْ إِخْرَاجًا. (نوح ۷۱: ۱۷–۱۸)
’’اور اللہ نے تمھیں زمین سے ایک خاص انداز میں اگایا ہے۔ پھر وہ تمھیں اِسی زمین میں لوٹائے گا اور اِسی سے تمھیں نکال کھڑا کرے گا۔‘‘
یہاں انسان کی تخلیق کے لیے ’خَلَقَ‘ یا ’أَنْشَأَ‘ کے بجائے ’أَنْبَتَكُمْ‘ کا لفظ آیا ہے۔ ’اِنبات‘ عربی زبان میں اگانے کو کہتے ہیں۔ اِس کے ساتھ ’مِنَ الْأَرْضِ‘ کی قید بھی ہے، یعنی زمین سے اگانا۔ پھر ’نَبَاتًا‘ کے لفظ نے اِس مفہوم کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ ’أَنْبَتَ‘ کا مصدر ’اِنبات‘ ہے، لیکن یہاں اُس کے بجائے ’نَبَتَ‘ کا مصدر ’نَبَات‘ لایا گیا ہے۔ اِس اسلوب میں اگانے کے فعل کے ساتھ اگنے کی کیفیت بھی نمایاں ہوتی ہے۔ گویا اللہ نے تمھیں اگایا تو تم اُسی طرح اُگے جس طرح کوئی چیز زمین سے اُگتی ہے۔
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگانے کی یہ تعبیر محض استعارہ ہے یا ابتدائی تخلیق کی کسی حقیقی کیفیت کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے؟
اِس میں شبہ نہیں کہ قرآن میں ’اِنبات‘ کا لفظ مجازی معنی میں بھی آیا ہے۔ سیدہ مریم کے بارے میں فرمایا ہے:
وَأَنْبَتَهَا نَبَاتًا حَسَنًا. (آل عمران ۳: ۳۷)
’’اور اُس کو بہت اچھی طرح پروان چڑھایا۔‘‘
تاہم دونوں مقامات کے اسلوب میں ایک فرق ہے۔ سیدہ مریم کے بارے میں یہ لفظ اُن کی پرورش کے لیے آیا ہے اور اِس کے ساتھ کسی مقام کا ذکر نہیں، جبکہ سورۂ نوح میں ’مِنَ الْأَرْضِ‘ کی تصریح ہے۔ اِس کے فوراً بعد انسان کو اِسی زمین میں لوٹانے اور پھر اِسی سے نکالنے کا ذکر بھی ہوا ہے۔
اِس بنا پر یہاں اگانے کی تعبیر کو محض پرورش کے عمومی مفہوم تک محدود نہیں کیا جا سکتا اور نبات سے تشبیہ کا نمایاں پہلو یہی ہے کہ پودا زمین کے اندر بتدریج پرورش پاتا اور پھر اُس سے نمودار ہوتا ہے۔ انسان کی ابتدائی تخلیق کو اِسی عمل سے تعبیر کرنا اِس بات کا قرینہ ہے کہ اُس کی تشکیل بھی زمین کے اندر ہوئی۔
یہی مضمون سورۂ طٰہٰ میں اِس طرح بیان ہوا ہے:
مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى. (طٰہٰ ۲۰: ۵۵)
’’اِسی زمین سے ہم نے تمھیں پیدا کیا ہے، اِسی میں تمھیں لوٹائیں گے اور اِسی سے تمھیں دوسری مرتبہ نکالیں گے۔‘‘
یہاں ’تَارَةً أُخْرَى‘، یعنی دوسری مرتبہ، کے الفاظ خاص طور پر قابلِ توجہ ہیں۔ قیامت کے دن زمین سے نکالے جانے کو دوسری مرتبہ کہنا بتاتا ہے کہ انسان پہلے بھی اِسی زمین سے نمودار ہوا تھا۔ سیاق میں وہ پہلا موقع اُس کی تخلیق ہی کا ہے، جس کا ذکر ’مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ‘ کے الفاظ میں ہوا ہے۔
۲۔ زمین سے تخلیق اور رحمِ مادر میں تشکیل کا تقابل
اِس کے ساتھ قرآن مجید کا وہ بیان بھی دیکھیے جس میں زمین سے انسان کی تخلیق اور رحمِ مادر میں اُس کی جنینی حالت کو پہلو بہ پہلو رکھا گیا ہے۔ سورۂ نجم میں فرمایا ہے:
هُوَ أَعْلَمُ بِكُمْ إِذْ أَنْشَأَكُمْ مِنَ الْأَرْضِ وَإِذْ أَنْتُمْ أَجِنَّةٌ فِي بُطُونِ أُمَّهَاتِكُمْ. (النجم ۵۳: ۳۲)
’’وہ تمھیں اُس وقت سے خوب جانتا ہے، جب اُس نے تمھیں زمین سے پیدا کیا اور جب تم اپنی ماؤں کے پیٹ میں جنین کی صورت میں تھے۔‘‘
اِس آیت میں دونوں حالتیں ایک ہی اسلوب میں بیان ہوئی ہیں۔ دونوں کے لیے ’إِذْ‘ کا لفظ آیا ہے اور دونوں جگہ مخاطب بھی وہی انسان ہیں جنھیں اللہ تعالیٰ اپنے علم کی وسعت کی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ پہلی حالت میں انسان کی پیدایش کی نسبت زمین سے بیان ہوئی ہے اور دوسری میں اُس کی جنینی حالت کا مقام ماں کا پیٹ بتایا گیا ہے۔
اِس بیان کو سورۂ نوح کے ’أَنْبَتَكُمْ مِنَ الْأَرْضِ نَبَاتًا‘ کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے، جہاں ابتدائی تخلیق کو زمین سے اگنے کا عمل کہا گیا ہے۔ اِن دونوں مقامات سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ ابتدائی تخلیق میں زمین نے وہی کردار ادا کیا جو اب رحمِ مادر ادا کرتا ہے۔
۳۔ ابتدائی تخلیق میں مٹی کی مختلف حالتیں
قرآنِ مجید نے انسان کی ابتدائی تخلیق کے مادے کی مختلف حالتیں بھی بیان کی ہیں۔ کہیں مٹی، کہیں چپکنے والے گارے، کہیں سڑے ہوئے گارے اور کہیں ٹھیکرے کی طرح کھنکھناتی مٹی کا ذکر ہے۔
سورۂ حجر میں فرمایا ہے:
وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ. (الحجر ۱۵: ۲۶)
’’اور ہم نے انسان کو سڑے ہوئے گارے کی کھنکھناتی مٹی سے پیدا کیا۔‘‘
سورۂ رحمٰن میں ہے:
خَلَقَ الْإِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ كَالْفَخَّارِ. (الرحمٰن ۵۵: ۱۴)
’’اُس نے انسان کو ٹھیکرے جیسی کھنکھناتی مٹی سے پیدا کیا۔‘‘
اِسی طرح سورۂ صافات میں ’طِينٍ لَازِبٍ‘، یعنی چپکنے والے گارے کا ذکر ہوا ہے (الصافات ۳۷: ۱۱)، جبکہ سورۂ روم میں انسان کی تخلیق کا مادہ ’تُرَاب‘، یعنی مٹی بتایا گیا ہے (الروم ۳۰: ۲۰)۔
قرآن نے اِن حالتوں کو کسی ایک مقام پر زمانی ترتیب کے ساتھ بیان نہیں کیا، لیکن اِن کے باہمی تعلق سے ایک ممکنہ ترتیب سمجھی جا سکتی ہے۔ خصوصاً ’صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ‘ کی تعبیر اِس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ کھنکھناتی مٹی سڑے ہوئے گارے سے وجود میں آئی تھی۔ چنانچہ یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ ابتدا میں مٹی تھی، پھر پانی کی آمیزش سے وہ گارا بنی، اُس میں تبدیلیاں پیدا ہوئیں اور بالآخر وہ خشک ہو کر کھنکھناتی مٹی کی صورت اختیار کر گئی۔
اِن بیانات سے غامدی صاحب نے یہ سمجھا ہے کہ مٹی کا ذکر محض انسان کی اصل بتانے کے لیے نہیں ہوا، بلکہ یہ اُس مادے کا بیان بھی ہے جس میں ابتدائی تخلیق کا عمل انجام پایا۔ اُن کے نزدیک زمین کے اندر گارے کی حالت میں حیوانی وجود کی تشکیل ہوئی۔ یہ عمل مکمل ہوا تو اوپر کی مٹی خشک ہو کر انڈے کے خول جیسی صورت اختیار کر گئی۔ پھر اِس خول کے ٹوٹنے سے ایک زندہ حیوانی وجود نمودار ہوا۔
’صَلْصَالٍ كَالْفَخَّارِ‘ کی تعبیر اِس تصور سے مناسبت رکھتی ہے، کیونکہ اِس میں ایسی مٹی کا ذکر ہے جو خشک ہو کر ٹھیکرے کی طرح کھنکھنانے لگتی ہے۔
۴۔ ابتدائی تخلیق اور توالد و تناسل میں مناسبت
قرآنِ مجید نے انسان کی ابتدائی تخلیق اور اُس کی نسل کے آگے بڑھنے کو دو الگ مرحلوں کے طور پر بیان کیا ہے۔ تاہم اِن کے لیے جو الفاظ اختیار کیے ہیں، وہ دونوں کی باہمی مناسبت کو بھی واضح کرتے ہیں۔ سورۂ سجدہ میں ارشاد ہوا ہے:
الَّذِي أَحْسَنَ كُلَّ شَيْءٍ خَلَقَهُ وَبَدَأَ خَلْقَ الْإِنْسَانِ مِنْ طِينٍ. ثُمَّ جَعَلَ نَسْلَهُ مِنْ سُلَالَةٍ مِنْ مَاءٍ مَهِينٍ. ثُمَّ سَوَّاهُ وَنَفَخَ فِيهِ مِنْ رُوحِهِ. (السجدہ ۳۲: ۷–۹)
’’جس نے ہر چیز کو، جو اُس نے بنائی، بہترین صورت میں بنایا اور انسان کی تخلیق کا آغاز مٹی سے کیا۔ پھر اُس کی نسل حقیر پانی کے خلاصے سے چلائی۔ پھر اُسے سنوارا اور اُس میں اپنی روح پھونکی۔‘‘
غامدی صاحب کے نزدیک ’بَدَأَ‘ کا لفظ اور اُس کے بعد ’ثُمَّ‘ کی تکرار تخلیق کے ایک تدریجی سلسلے کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔ پہلے مٹی سے انسان کے حیوانی وجود کی تخلیق کا آغاز ہوا، پھر اُس وجود میں توالد و تناسل کا سلسلہ جاری کیا گیا اور بالآخر اُسے سنوار کر نفخِ روح کے ذریعے انسانی شخصیت عطا کی گئی۔
اب سوال یہ ہے کہ مٹی سے ابتدائی تخلیق اور بعد کے تولیدی عمل میں صرف مادے کا فرق تھا یا طریقۂ تخلیق کا بھی؟
قرآن نے یہاں یہ صراحت نہیں کی کہ دونوں مرحلوں میں طریقۂ تخلیق یکساں تھا یا مختلف۔ تاہم اِس سلسلے میں سورۂ مومنون کا بیان خاص طور پر قابلِ توجہ ہے:
وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ مِنْ سُلَالَةٍ مِّنْ طِينٍ. ثُمَّ جَعَلْنَاهُ نُطْفَةً فِي قَرَارٍ مَكِينٍ. ثُمَّ خَلَقْنَا النُّطْفَةَ عَلَقَةً فَخَلَقْنَا الْعَلَقَةَ مُضْغَةً فَخَلَقْنَا الْمُضْغَةَ عِظَامًا فَكَسَوْنَا الْعِظَامَ لَحْمًا ثُمَّ أَنْشَأْنَاهُ خَلْقًا آخَرَ. (المومنون ۲۳: ۱۲–۱۴)
’’اور ہم نے انسان کو مٹی کے خلاصے سے پیدا کیا۔ پھر ہم نے اُس کو نطفے کی صورت میں ایک محفوظ ٹھکانے میں رکھا۔ پھر نطفے کو علقہ بنایا، پھر علقے کو مضغہ بنایا، پھر مضغے کی ہڈیاں بنائیں، پھر ہڈیوں پر گوشت چڑھایا، پھر اُسے ایک دوسری ہی مخلوق بنا کر اٹھا کھڑا کیا۔‘‘
یہاں ابتدائی تخلیق کے لیے ’سُلَالَةٍ مِّنْ طِينٍ‘، یعنی مٹی کے خلاصے کا ذکر ہے، جبکہ سورۂ سجدہ میں نسل کے جاری ہونے کے لیے ’سُلَالَةٍ مِنْ مَاءٍ مَهِينٍ‘، یعنی حقیر پانی کے خلاصے کا۔ دونوں جگہ ’سُلالہ‘ ہی کا لفظ آیا ہے؛ فرق صرف اُس مادے کا ہے جس کا خلاصہ لیا گیا۔
اِس لفظی اشتراک سے اگرچہ یہ تو لازم نہیں آتا کہ دونوں میں تخلیق کا پورا طریقہ یکساں تھا۔ تاہم دونوں مراحل کو ایک ہی اسلوب میں بیان کیا گیا ہے، یعنی کسی مادے کے خلاصے سے تخلیق ہوئی ہے۔ غامدی صاحب نے اِسی مناسبت سے یہ سمجھا ہے کہ جو کردار اب حقیر پانی کا خلاصہ ادا کرتا ہے، ابتدائی تخلیق میں وہی کردار مٹی کے خلاصے نے ادا کیا تھا۔
مزید یہ کہ سورۂ مومنون میں مٹی کے خلاصے سے تخلیق کے ذکر کے بعد وہ مراحل بھی بیان ہوئے ہیں جن سے انسان اب رحمِ مادر میں گزرتا ہے: نطفہ، علقہ، مضغہ اور پھر جسمانی تشکیل۔ سورۂ نوح میں تخلیق کے لیے ’أَطْوَارًا‘ کا جو لفظ آیا تھا، یہاں اُن مراحل کی ایک معلوم صورت سامنے آ جاتی ہے۔
چنانچہ یہ سمجھنا قرینِ قیاس ہے کہ ابتدائی تخلیق میں بھی حیوانی وجود کی تشکیل تدریجی انداز میں ہوئی، اگرچہ اُس وقت اِس عمل کا مادہ اور مقام مختلف تھے۔
اِن چاروں پہلوؤں کو سامنے رکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ غامدی صاحب نے یہ رائے قرآنِ مجید ہی کے بیانات کی روشنی میں قائم کی ہے۔ زمین سے اگائے جانے، گارے سے تخلیق اور ٹھیکرے جیسی کھنکھناتی مٹی کے ذکر سے اُنھوں نے یہ سمجھا ہے کہ زمین کے اندر حیوانی وجود کی تشکیل ہوئی، پھر اوپر کی مٹی خشک ہو کر خول بن گئی اور اُس کے ٹوٹنے سے یہ وجود نمودار ہوا۔ یہ تخلیقی عمل کی ایک توضیح ہے جس کی ہر جزوی تفصیل قرآن میں مذکور نہیں، لیکن اُس کی بنیاد یہی قرآن ہی کے بیانات ہیں اور اِس کیفیت کی ایک نظیر تخلیق کے موجودہ نظام میں بھی ہمارے سامنے ہے۔ انڈے کے اندر چوزہ بتدریج تشکیل پاتا اور پھر خول توڑ کر باہر آ جاتا ہے۔ قرآن کے اشارات سے جو کیفیت سمجھی گئی ہے، وہ ہمارے مشاہدے میں آنے والے تخلیقی عمل سے بھی مناسبت رکھتی ہے۔




کمنت کیجے