Home » افلاطونی فکر کا مسئلہ اور وحدت الوجودی روایت
شخصیات وافکار • فلسفہ • کلام

افلاطونی فکر کا مسئلہ اور وحدت الوجودی روایت

افلاطون کا عالم مثال کا نظریہ غیر معقول ہے، اس نظریے کے مسائل اشراقی فلاسفہ، شیخ ابن عربی کے وجودی سکول اور ملا صدرا کی فکر سے بھی متعلق ہیں (اگرچہ ان نظریات میں کچھ باہمی فرق بھی ہیں)۔ یہاں ہم افلاطون کی فکر کے ایک بنیادی مسئلے کو اجاگر کریں گے جو متکلمین کے ہاں زیر بحث رہا اور جسے علامہ عضد الدین الایجی اشعری (م 756 ھ) نے کتاب “المواقف” میں چند سطروں میں بیان کردیا ہے۔

افلاطون کا استدلال ہے کہ خارج میں موجود کسی ایک نوع کی جزیات (جیسے زید، عمرو، راشد وغیرہ) میں مشترک ماہیت (common        essence) کی توجیہہ کے لئے ایک “عالم مثال” ماننا ضروری ہے جہاں ان جزیات کی ایک مجرد کلی (universal، مثلاً مجرد انسان) موجود ہو۔ یہ کلی ان عوارض (accidents) سے پاک ہے جو اس کے افراد کو لاحق ہیں نیز یہ ازلی و ابدی و غیر متبدل ہے اور زید عمرو وغیرہ کی حقیقت کا علم اس کلی ماہیت کے علم سے وابستہ ہے۔ اس کلی کے افراد اس میں شرکت کے ذریعے اپنی شناخت حاصل کرتے ہیں اور یہ مجرد ماہیت عوارض و متقابلات (opposites مثلاً لمبے چھوٹے گورے کالے وغیرہ) تشخصات کو قبول کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تاہم افلاطون کا یہ نظریہ جمع بین الضدین و جمع بین النقیضین کا شکار ہے اور علامہ عضد الدین الایجی نے انہی جہات سے اس پر دو اشکالات وارد کئے ہیں۔

پہلا اشکال

اگر مجرد ماہیتِ انسانیہ سے کوئی ایک متعین فرد مراد لیا جائے جو زید اور عمرو دونوں کے تشخص (particularization) کے قابل ہو تو یہ بداہتاً باطل ہے، کیونکہ ایک متعین فرد ایک ہی وقت میں متقابل صفات سے متصف نہیں ہوسکتا۔ مثال سے بات سمجھئے۔ فرض کریں ایک خاص شخص زید ہے جو مثلاً گورا ہے۔ “گورا ہونا” زید کو عارض یا لاحق ہوچکا (اور زید اس کا معروض یا سبجیکٹ بن گیا)۔ اب یہی متعین زید اسی وقت “کالا” ہونے کو قبول نہیں کرسکتا، کیونکہ کالا پن گورے پن کا مقابل اور اس کی ضد ہے۔ جب ایک متعین فرد کسی صفت سے متصف ہوگیا تو وہ اسی وقت اس کی ضد کے قابل نہیں رہتا۔ افلاطون کا کہنا تھا کہ چونکہ انسان متقابلات (سفید و سیاہ وغیرہ) کو قبول کرتا ہے، اس لیے ایک ایسا مجرد انسان ہونا چاہیے جو سب عوارض سے پاک رہ کر ان سب کو قبول کرنے والا ہو۔ اس پر مصنف جواب دیتے ہیں کہ اگر اس “مجرد انسان” سے مراد کوئی متعین موجود فرد ہے، تو وہ کسی ایک صفت کا معروض (subject) ہوتے ہوئے اس کی ضد کو قبول نہیں کرسکتا۔ پس کوئی متعین خارجی فرد “تمام متقابلات کے قابل” نہیں ہوسکتا، ایسا ماننا جمع بین الضدین ہے۔ یہ ایک ہی شے کو بیک وقت سفید و کالا ہونے لائق یا ان سے متصف کہنا ہے۔

دوسرا اشکال

اگر عالم مثال کے انسان سے مراد وہ ماہیت ہے جو “تجرد کی قید کے ساتھ مقید” ہے (یعنی جو بشرطِ لا شیئ ہے)، تو مجرد کا ان قیود و عوارض کے ساتھ متصف ہونا جن سے اسے خالی یا مجرد مانا گیا تھا، یہ جمع بین النقیضین ہے۔ یعنی یہ مجرد ماہیت جس کی حقیقت عوارض وغیرہ سے پاک ہونا ہے، وہ زید و عمرو دونوں کے تشخص کو تبھی قبول کرے گی جب وہ ان کے ساتھ ملے یا ان سے مقترن ہو۔ لیکن اس مجرد ماہیت کی تو تعریف ہی یہ کی گئی تھی کہ وہ عوارض سے خالی ہے۔ چنانچہ ایک ہی چیز “عوارض سے خالی” بھی ہے اور “عوارض کے ساتھ ملی ہوئی” بھی، یہ تناقض ہے۔ یہ اسی طرح ہے جیسے کوئی کہے کہ “یہ خالی گلاس ہے جس میں پانی بھرا ہوا ہے”۔ جو چیز “خالی ہونے” کی قید سے مقید ہو وہ بھرے ہونے کو قبول نہیں کر سکتی، ورنہ خالی نہ رہی۔ اسی طرح مجرد انسان = انسان + “تمام عوارض سے خالی” کی قید، اب اگر یہی ماہیت زید بھی بنے تو اس پر عوارض بھی آگئے، یوں ایک ہی ماہیت عوارض و قیود سے خالی بھی ہوگئی اور عوارض و قیود کے ساتھ بھی ہوگئی۔ پس مجرد ہونا اور عوارض و قیود و متقابلات کو قبول کرنا ایک ہی چیز میں جمع نہیں ہوسکتے کیونکہ اس کی تعریف میں ہی “عوارض سے خالی ہونا” شامل ہے (جس ماہیت پر “نفی عوارض” کی قید لگ گئی وہ کچھ بھی قبول نہیں کرسکتی)۔ اور اگر افلاطون کی مثال ان افراد سے مقترن و متصف ہوئے بغیر الگ تھلگ ہی رہتی ہے (مثلاً نہ ان سے حلول کرتی ہے اور نہ اتحاد وغیرہ) تو یہ زید عمرو و راشد کے مابین انسان نامی ماہیت کی توجیہہ نہیں بن سکتی (یعنی یہ کلی ماہیت particular’s        whatness میں کچھ شامل کئے بغیر اس کی کلی نہیں ہوسکتی)۔ الغرض مثال اور افراد کے مابین شرکت کی کوئی وجودی بنیاد بتائے بغیر یہ توجیہہ ممکن نہیں اور جونہی اس توجیہہ کی کوئی بنیاد لائی جائے گی، یہ جمع بین النقیضین ہوگا۔

خلاصہ یہ کہ:

1) اگر عالم مثال کی ماہیت متعین فرد ہے تو وہ خارج میں کسی ایسے عارض کے ساتھ ہے جو بیک وقت کسی متقابل کو قبول نہیں کرسکتا۔

2) اگر وہ مجرد یعنی بشرطِ لا ماہیت ہے تو پھر کسی معین عارض کے ساتھ اسی کا ہونا بشرطِ لا کے خلاف ہے۔ باالفاظ دیگر اگر مثال متعین فرد ہے تو افلاطون کی بات سے اجتماع ضدین لازم آتا ہے، اور اگر بشرطِ لا ماہیت ہے تو اجتماع نقیضین۔

3) اور اگر وہ مجرد مثال جزئی میں مشترک نہیں تو کلی و جزئی کا تعلق ختم ہوگیا۔

یہاں ایک مزید اہم بات یہ کہ خارج میں متحقق افراد کا متقابل عوارض سے متصف ہونا، یہ خارج میں کسی مستقل مجرد کلی وجود کو ثابت نہیں کرتا۔ افلاطون کا یہ استدلال غیر تام و تخیل ہے۔ خارج میں بڑے چھوٹے، سفید و کالے گھوڑے کا وجود یہ ثابت نہیں کرتا کہ ان عوارض سے مجرد “گھوڑاپن” نامی کوئی ماہیت کسی عالم مثال میں موجود ہے اور جو سب گھوڑوں میں جھلک رہی ہے۔

اشراقی و وجودی افکار کے الجھاؤ

افلاطون کی فکر کے درج بالا مسائل کو ٹالنے کے لئے اشراقی حکما نے عالم مثال کے افراد کو خارج میں متحقق جزئی افراد سے الگ “مجرد عقلی جوہر” قرار دیا۔ اسے وہ “رب النوع” بھی کہتے ہیں اور جو ان کے مطابق اپنے جزئی افراد کی تدبیر کرتا اور ان پر فیض ڈالتا ہے مگر ان میں مشخص (particularized) نہیں ہوتا۔ کیا اس تعبیر سے واقعی یہ مسائل پوری طرح حل ہوجاتے ہیں؟ جواب نفی میں ہے کیونکہ اگرچہ اس تعبیر میں مجرد جوہر یا رب النوع کے افراد میں مشخص نہ ہونے کی بات کی جارہی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس مجرد جوہر اور افراد کے مابین “فیض” کی حقیقت کیا ہے نیز افراد کو جو کچھ ملتا ہے کیا وہ خود مفیض کی ماہیت ہے یا اس سے مغایر کوئی چیز؟ اگر فیض سے مراد مفیض کی ماہیت کا افراد میں پہنچنا ہے تو وہی مسائل لوٹ آتے ہیں (نیز یہ واجب و ممکن اور مطلق و مقید کی وحدت کو لازم ہے)، اور اگر وہ محض کوئی ایسا اثر یا اضافت ہے جو مفیض کی ماہیت نہیں تو رب النوع کا افراد کی حقیقت سے تعلق باقی نہیں رہتا (اور اس سے ثنویت لازم آتی ہے جہاں فرق صرف درجے کا بھی نہیں رہتا)۔ وحدت الوجود کی اکبری و ملا صدرا کی تعبیرات بھی اسی نوع کے اشکالات کی زد میں ہیں کیونکہ ان میں بیک وقت وجود کو مطلق و مقید دونوں قرار دیا جاتا ہے نیز ایک ہی حقیقت کو بیک وقت متقابل تعینات میں ظاہر قرار دیا جاتا ہے۔

ان مسائل سے بچنے کے لئے کہا جاتا ہے کہ ممکن تو بس ایک ربط یا اضافت ہے۔ اس پر پوچھا جائے گا کہ یہ ربط معدوم ہے یا موجود؟

الف) اگر معدوم ہے تو یہ عالم کو معدوم کہنا ہے، جو صریح سفسطہ ہے۔ پھر ربط ایک ایسی نسبت ہے جو دونوں طرف کچھ ہونے کا تقاضا کرتی ہے۔ “ایک شے کا دوسری پر منحصر ہونا” تبھی بامعنی ہے جب منحصر و محتاج ہونے والی چیز کچھ ہو۔ اگر وہ کچھ نہیں تو انحصار کس کا؟

ب) اگر یہ موجود ہے تو یا اس ممکن کا وجود عینِ واجب ہے یا اس کا غیر ہے:

• اگر ممکن اس کا عین ہے، تو واجب واجب نہ رہے گا (نیز وہ وجوب و امکان کی کثرت کا حامل ہوگا)، اسی طرح سوال ہوگا کہ کیا ممکن کا تعین وجود سے زائد کوئی حقیقت رکھتا ہے یا نہیں؟ اگر زائد ہو تو ماہیت و ترکیب لوٹ آئی، اور نہ ہو تو واجب و ممکن کے فرق کی توجیہہ جاتی رہی۔

• اگر غیر و محتاج ہے، تو بھی دوئی ہوگئی (احتیاج کی نسبت دو طرفوں کو چاہتی ہے، اور فرق محض درجے کا نہ رہا)۔

• اور اگر کہا جائے کہ ممکن واجب کے وجود کا عین بھی ہے اور غیر بھی، تو یہ جمع بین النقیضین ہے۔ اگر عین و غیر ہونے کے لیے دو مختلف اعتبارات قائم کیے جائیں تو ان اعتبارات کے مابین امتیاز کی کوئی مستقل حقیقت بتانا ہوگی (کہ مثلاً یہ امتیاز خود وجود میں ہے یا کسی ماہیت میں ہے وغیرہ)، ورنہ یہ محض ایک ہی حقیقت پر دو متناقض احکام جاری کرنا ہے (اور محض ایک کو محتاج کہہ دینے سے کوئی جواب نہیں ہوپاتا بلکہ یہ بھی دوئی کو لازم ہے، اسی طرح یہ کہہ دینا کہ “وجود بنیاد یا گراؤنڈ ہے” یہ فیض و محتاج ہونے کو چھوڑ کر ایک اور مبہم اصطلاح استعمال کرلینا ہے کیونکہ بتانا ہوگا کہ گراؤنڈ اور اس پر قائم چیز کے درمیان تعلق کیا ہے، اور اس تعلق کے باوجود ممکن کا وجود واجب کے وجود سے کس معنی میں عین اور کس معنی میں غیر ہے)۔

یہ سارا خلط مبحث کلی ماہیات اور وجود کو ایک کلی حقیقت فرض کرنے سے جنم لیتا ہے، ائمہ اشاعرہ و ماتریدیہ اسی لئے انہیں رد کرتے ہیں۔ ویسے بھی، کلی ماہیات اور وجود مطلق نامی چیزوں کے تحقق کی کوئی تام دلیل موجود نہیں۔

ڈاکٹر زاہد صدیق مغل

زاہد صدیق مغل، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں معاشیات کے استاذ اور متعدد تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں۔
zahid.siddique@s3h.nust.edu.pk

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں