Home » مطالعات فراہی
اردو کتب شخصیات وافکار

مطالعات فراہی

محمد رضی الاسلام ندوی

جب سے پروفیسر عبد الرحیم قدوائی پروفیسر خلیق احمد نظامی مرکزِ علوم القرآن ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے ڈائریکٹر بنے ہیں ، متعدد قرآنی کورسز کے اجرا کے علاوہ کئی تحقیقی پروجیکٹس پر کام ہوا ہے اور متعدد کتابیں اس ادارے سے شائع ہوئی ہیں – مختلف مکاتبِ فکر کے فضلاء کی قرآنی خدمات پر نو (9)کتابیں منظر عام آئی ہیں – اس کے بعد متعدد ماہرِ قرآنیات شخصیات پر الگ الگ کتابوں کی اشاعت کا سلسلہ شروع ہوا – اس سیریز کے تحت بھی متعدد کتابیں طبع ہوچکی ہیں – ان میں سے ایک زیرِ نظر کتاب ہے ، جس میں مولانا حمید الدین فراہی رحمہ اللہ کے افکار کا مطالعہ پیش کیا گیا ہے – اس کی تالیف برادر مکرّم ڈاکٹر ابو سعد اعظمی نے کی ہے –

ڈاکٹر اعظمی نے مدرسۃ الاصلاح سرائے میر سے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ادارۂ علوم القرآن سے تصنیفی تربیت کا کورس کیا ہے ، اس کے بعد شعبۂ عربی ، مسلم یونی ورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے – اِن دنوں ادارۂ علوم القرآن ہی میں خدمت انجام دے رہے ہیں – وہ تحریر و تصنیف اور ترجمہ نگاری کا اچھا ذوق رکھتے ہیں – ان کے متعدد طبع زاد مضامین اور تراجم ملک و بیرون ملک کے علمی مجلات میں طبع ہوچکے ہیں – سہ ماہی تحقیقات اسلامی علی گڑھ میں بھی ان کے کئی مضامین شائع ہوئے ہیں –

زیرِ نظر کتاب مولانا فراہی پر لکھے گئے ان کے 9 مضامین کا مجموعہ ہے – ابتدائی مضمون میں مولانا کی حیات پر مختصر روشنی ڈالی گئی ہے – ایک مضمون میں ان کی قرآنی خدمات کا جائزہ لیا گیا ہے – ایک مضمون میں ان کی تصنیف ‘جمہرۃ البلاغۃ’ کا مطالعہ پیش کیا گیا ہے – بعض حضرات کی طرف سے کہا گیا ہے کہ مولانا فراہی نے تفسیرِ قرآن میں حدیث کو صحیح مقام نہیں دیا ہے ، چنانچہ ان کی تفسیر میں اس سے بہت کم استفادہ دکھائی دیتا ہے – ایک مضمون میں تعلیقاتِ فراہی سے بہت سی مثالیں پیش کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ مولانا نے حدیث سے جابجا استشہاد کیا ہے – ایک مضمون میں دیگر مفسرین پر مولانا کی تنقیدوں کو جمع کیا گیا ہے – ایک مضمون میں تفصیل سے مولانا کے منہجِ تفسیر کا مطالعہ پیش کیا گیا ہے – ایک مضمون میں راغب اصفہانی اور مولانا فراہی کے اصولِ تاویل کا تقابل کیا گیا ہے –

یہ کتاب تحقیق و تنقید کا اعلیٰ نمونہ پیش کرتی ہے – مصنف نے جہاں مولانا فراہی کی خدمات کو سراہا ہے اور ان کے افکار کی قدر و قیمت واضح کی ہے وہیں بعض مقامات پر ان سے اختلاف بھی کیا ہے اور ان کے تسامحات کی نشان دہی کی ہے – انھوں نے ہر بات دلیل کے ساتھ کہی ہے اور تائید میں اقتباسات پیش کیے ہیں – مصنف کو زبان و بیان پر قدرت حاصل ہے – ان کے اسلوب میں متانت اور شائستگی پائی جاتی ہے –

میں برادر موصوف کو اس کتاب کی اشاعت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ قرآنیات اور خاص طور پر فراہیات سے دل چسپی رکھنے والے اس کا استقبال کریں گے –

______________________________

نام کتاب :مطالعاتِ فراہی

مصنف : ڈاکٹر ابو سعد اعظمی

زیرِ اہتمام : خلیق نظامی مرکز علوم القرآن

ناشر : براؤن بُکس ، شمشاد مارکیٹ، علی گڑھ

سنۂ اشاعت : 2023

صفحات : 197 ، قیمت : 500 روپے

رابطہ :

+91-7906863461

bbpublication@gmail.com

منتظمین

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں