Home » امام رازی اور افلاطونی امثال: حسن سپائیکر کے خلط مبحث کا ازالہ
اسلامی فکری روایت • شخصیات وافکار • کلام

امام رازی اور افلاطونی امثال: حسن سپائیکر کے خلط مبحث کا ازالہ

امام فخر الدین الرازی (م 606ھ) کی تصنیف “الملخص في المنطق والحكمة” اسلامی فلسفہ اور کلام میں تحلیلی فکر کے حوالے سے ایک اہم کتاب ہے۔ اس کتاب میں آپ نے ماقبل فلاسفہ و حکما و متکلمین کے مابعد الطبیعیاتی اور منطقی اصولوں کا محض خلاصہ پیش نہیں کیا، بلکہ ان کے بنیادی مسلمات کا نقد کرتے ہوئے متبادل فریم ورک بھی تجویز کئے ہیں۔

جناب حسن سپائیکر (Hassan        Spiker) صاحب نے Things        as        They        Are نامی اپنی کتاب میں اکبری وجودی روایت کی بنیاد پر میٹافزکس کا دفاع کرتے ہوئے کانٹ کو جواب دینے کی کوشش کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے امام رازی کی اس کتاب “الملخص” سے ایک اقتباس (جسے ہم آگے لائیں گے) پیش کرکے یہ تاثر دیا ہے کہ آپ افلاطونی عالم مثال کے بارے میں بہت سنجیدہ تھے جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے گویا آپ اس کے کسی قدر قائل تھے نیز سپائیکر صاحب کے بقول امام صاحب کے ان خیالات سے سپائیکر صاحب کے پراجیکٹ کو تقویت ملتی ہے۔ امام صاحب کے اقتباس پر تمہید چڑھاتے ہوئے وہ لکھتے ہیں:

It       is       not       widely       known       today       that       one       of       the       two       or       three       most       original       and       influential       representatives       of       kalām       theology       in       all       of       its       later       history,       Fakhr       al-Dīn       al-Rāzī,       defended       the       existence       of       Forms       in       some       of       his       most       important       works.       In       Chapter       2,       we       saw       some       of       his       positive       arguments       for       exemplary       Forms.       In       order       to       see       how       serious       Rāzī       was       about       the       viability       of       the       doctrine       of       Forms       (his       keen       awareness       of       certain       difficulties       involved       notwithstanding),       and       to       provide       further       support       for       our       own       affirmation       of       the       reality       of       Forms       and       the       importance       of       their       place       in       any       renewed       kalām,       let       us       look       here       at       his       remarkable       refutation       of       some       of       the       classic       Peripatetic       arguments       against       the       consistency       and       possibility       of       Forms       (p.       110)

حسن سپائیکر چونکہ اکبری وجودی فکر کو جدیدی و بالخصوص کانٹ کی فکر کا تدارک گردانتے ہیں، اور ان کے اس پراجیکٹ کی بنیاد خارجی جزیات سے ماورا ایک عالم میں کلیات و ماہیات (جنہیں یہ حضرات اعیان ثابتہ کہتے ہیں) کے مفروضے پر مبنی ہے، لہذا اس پراجیکٹ کی تکمیل و اعتبار کے لئے وہ نامور اسلامی مفکرین کو اس کا حامی و راہنما دکھانا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں آپ امام رازی کا ایک اقتباس لے کر آئے ہیں۔

تاہم سپائیکر صاحب نے امام صاحب کی عبارت کو ایک طرف اس کے اصل محل و تناظر سے ہٹا کر پیش کیا ہے جہاں امام صاحب دراصل وجودِ ذہنی کے نظریے کی تردید کرتے ہوئے مخالفین پر افلاطون کی امثال کو بطور الزام و جدلی تحرک (Dialectical        Move) پیش کررہے ہیں لیکن سپائیکر صاحب نے جانے انجانے میں اسے کچھ اور معنی پہنا دیا ہے، دوسری طرف اس کاوش میں انہوں نے یہ جاننے (یا جانتے ہوئے بتانے) کی ضرورت محسوس نہیں کی کہ وجود و ماہیت کے باب میں امام صاحب کا موقف کیا ہے نیز کیا اس موقف کے ساتھ وہ عالم مثال کے قائل ہو بھی سکتے ہیں یا نہیں۔ چنانچہ اس تحریر میں ہم معین اقتباس پر تبصرہ کرنے سے قبل امام صاحب کے موقف کو پیش کریں گے تاکہ واضح ہوسکے کہ سپائیکر صاحب نے کتنے خلط مبحث سے کام لیا ہے۔ ہم اپنے مدعا کو دو حصوں میں پیش کریں گے:

  • امام رازی کا نظریہ وجود و ماہیت اور اس سے برآمد ہونے والے چند نتائج
  • وجودِ ذہنی کے قائل فلاسفہ کے ساتھ امام رازی کی بحث اور حسن سپائيكر کے پیش کردہ پیراگراف کا اصل تناظر

پہلی بحث: امام رازی کا نظریہ وجود و ماہیت اور اس کے بعض نتائج

امام رازی وجود و ماہیت کے تعلق کی بحث میں متقدمین اشاعرہ و ماتریدیہ ہی نہیں بلکہ ابن سینا سے بھی الگ موقف اختیار کرتے ہیں۔ یہاں تفصیل و دلائل کا موقع نہیں، خلاصہ یہ کہ:

۱۔             آپ کے مطابق وجود ایک خارجی وصف یا حقیقت ہے (برخلاف متقدمین اشاعرہ و ماتریدیہ جن کے مطابق وجود کوئی وصف نہیں بلکہ یہ کسی ماہیت کا خارج میں تحقق ہے اور بس، وجود کوئی وصف نہیں جو کسی ماہیت کو لاحق ہو)،

۲۔            یہ وصف ماہیت پر زائد ہے نہ کہ اس کے ہم معنی یا اس کا عین ،

۳۔            اگرچہ عقل میں وجود اور ماہیت دو الگ مفاہیم ہیں، تاہم خارج میں ماہیت و وجود ہمیشہ اکٹھے پائے جاتے ہیں۔ یعنی خارج میں نہ تو ماہیت بغیر وجود کے پائی جاسکتی ہے اور نہ وجود بغیر ماہیت کے۔ پس ہر ذات (چاہے ممکن ہو یا واجب) وجود و ماہیت کے مجموعے سے عبارت ہے،

۴۔           آپ وجودِ ذھنی کے نظریے کو رد کرتے ہیں، وجود و ماہیات صرف خارج میں پائی جاتی ہیں۔

امام صاحب نے وجود و ماہیت کی دوئی پر جو دلائل دئیے ہیں ان پر پھر کبھی تبصرہ کریں گے (درست بات یہ ہے کہ وہ دلائل کمزور ہیں اور صحیح موقف متقدمین اشاعرہ و ماتریدیہ ہی کا ہے جس کی وکالت آگے چل کر علامہ آمدی (م 631 ھ) و صدر الشریعہ محبوبی (م 747 ھ) وغیرہ نے کی ہے)۔ یہاں ہمیں امام رازی کے درج بالا موقف کے چند متعلقہ نتائج کو واضح کرنا ہے جو خود امام صاحب کی صریح عبارات میں موجود ہیں:

الف)       آپ معتزلہ کے نظریہ معدوم شے (لاموجود و لامعدوم مگر ثابت ماہیات) کی نفی کرتے ہیں، یہ نفی آپ کی تقریباً ہر کتاب میں موجود ہے (المخص میں بھی یہ تردید موجود ہے)۔ چنانچہ معدوم کی نفی کے ساتھ ہی اعیان ثابتہ کا وہ نظریہ جاتا رہتا ہے جنہیں وجودیہ معدوم مگر ثابت کہتے ہیں۔ اسی طرح وجود ذھنی کے انکار سے اعیان ثابتہ کو خدا کے علم میں کوئی “ثابت معلوم چیز” قرار دینے کا راستہ بھی بند ہوجاتا ہے۔

ب)         آپ ماہیات سے عاری مجرد وجود کے قائل نہیں اور اس معاملے میں آپ ابن سینا کے موقف کا باقاعدہ رد کرتے ہیں جس کے خیال میں خدا نرا وجود ہے اور اس کے سوا اس کی کوئی ماہیت نہیں (کتاب المخص میں بھی یہ رد موجود ہے اور آگے ایک خاص پہلو کو ہم پیش کریں گے)۔ پس جب آپ ماہیت سے عاری مجرد وجود کے قائل نہیں، تو ابن سینا کے ساتھ وجودیہ کی بات کا بھی رد ہوگیا جو ابن سینا کی طرح خدا کو نرا وجود گردانتے ہیں، البتہ وجودیہ ابن سینا کے موقف پر اس بات کا اضافہ بھی کردیتے ہیں کہ خدا وجود مطلق ہے جس نے تمام موجودات کا احاطہ کیا ہوا ہے (ابن سینا اس کے قائل نہیں، ان کے نزدیک ہر چیز کا وجود الگ ہے)۔

ج)          اسی لئے امام رازی مجرد ماہیات (یعنی بشرط لا کی قید کے ساتھ ماہیت) کے وجود کے قائل نہیں بلکہ آپ ماہیات لابشرط کے قائل ہیں۔ آسان الفاظ میں بات یوں ہے کہ آپ کلی ماہیات خارج میں افراد کے ضمن میں موجود مانتے ہیں، نہ کہ ذہن میں اور نہ ہی الگ سے کسی عالم میں (جو ماہیت تمام عوارض سے مجرد الگ تھلگ پائی جائے، وہ بشرط لا ماھیت کہلاتی ہے)۔ پس جب آپ بشرط لا ماہیات کے موجود ہونے کے قائل ہی نہیں، تو افلاطون کی امثال کے وہ کیسے قائل ہوسکتے ہیں؟ مزے کی بات یہ ہے کہ سپائیکر صاحب نے جو عبارت کتاب میں لگائی ہے، عین اس کے پچھلے پیراگراف میں ہی امام صاحب نے افلاطون کے نظریے پر یہ تنقیدی تبصرہ کیا ہے:

وَحَكَوْا عَنْهُ أَنَّهُ احْتَجَّ عَلَى ذَلِكَ بِأَنَّهُ: لاَ شَكَّ فِي وُجُودِ هَذَا الإِنْسَانِ، فَالإِنْسَانُ الَّذِي هُوَ جُزْءٌ مِنْ هَذَا الإِنْسَانِ مَوْجُودٌ، وَالإِنْسَانُ مُشْتَرَكٌ بَيْنَ هَذِهِ الأَشْخَاصِ الْمَحْسُوسَةِ الْمُخْتَلِفَةِ بِالْعَوَارِضِ، فَهُوَ مُجَرَّدٌ عَنْ كُلِّهَا؛ وَإِلاَّ لَمْ يَكُنْ مُشْتَرَكاً فِيهِ بَيْنَ الأَشْخَاصِ ذَوَاتِ العَوَارِضِ الْمُخْتَلِفَةِ، وَلاَ شَكَّ أَنَّ الإِنْسَانَ الْمُجَرَّدَ لاَ يَفْسُدُ عِنْدَ فَسَادِ هَذِهِ الأَشْخَاصِ الْمَحْسُوسَةِ، فَلاَ بُدَّ مِنْ إِثْبَاتِ إِنْسَانٍ مُجَرَّدٍ عَنْ كُلِّ الْعَوَارِضِ.

جَوَابُهُ: أَنَّا بَيَّنَّا الْفَرْقَ بَيْنَ الإِنْسَانِ لاَ بِشَرْطِ شَيْءٍ، وَبَيْنَ الإِنْسَانِ بِشَرْطِ لاَ شَيْءٍ، فَالاعْتِبَارُ الأَوَّلُ مَوْجُودٌ فِي الْخَارِجِ، وَلَكِنْ لاَ يَجِبُ أَنْ يَكُونَ مُجَرَّداً؛ لأَنَّ التَّجْرِيدَ قَيْدٌ لاَحِقٌ لِلإِنْسَانِ، وَالْمُشْتَرَكُ لَيْسَ إِلاَّ الإِنْسَانُ الْعَارِي عَنْ كُلِّ الْقُيُودِ (الملخص: القسم الثانی، 88)

مفہوم: “اور لوگوں نے افلاطون سے نقل کیا ہے کہ اس نے اس (عالمِ مثال) پر یہ دلیل قائم کی: اس مخصوص انسان (مثلاً زید) کے وجود میں کوئی شک نہیں ہے، لہذا وہ (مجرد) ‘انسان’ جو اس محسوس انسان کا (نوعی) جزء ہے، وہ بھی موجود ہے۔ اور یہ (مجرد) ‘انسان’ ان تمام محسوس افراد کے درمیان مشترک ہے جو مختلف عوارض سے متصف ہیں، پس وہ ان تمام عوارض سے مجرد (الگ یا عاری) ہے۔ اور اگر وہ (انسان) مجرد نہ ہوتا تو مختلف عوارض والے افراد کے درمیان مشترک نہ ہوسکتا۔ اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ‘مجرد انسان’ ان محسوس افراد کے فنا و فاسد ہونے سے فنا نہیں ہوتا، لہذا (خارج میں) ایک ایسے ‘انسان’ کا اثبات ضروری ہے جو تمام عوارض سے بالکل مجرد ہو (اور یہی افلاطونی مثال ہے)۔

اس کا جواب یہ ہے: ہم (البحث الثانی، باب الماھیة میں) ‘انسان لا بشرطِ شيء’ (انسان بغیر کسی شرط کے) اور ‘انسان بشرطِ لا شيء’ (انسان اس شرط کے ساتھ کہ اس پر کوئی عارض و قید نہ ہو) کے درمیان فرق بیان کر چکے ہیں۔ پس پہلا اعتبار (‘لا بشرطِ شيء’) تو خارج میں موجود ہے، لیکن اس کے لیے ‘مجرد’ ہونا بالکل ضروری نہیں ہے، کیونکہ مجرد ہونا انسان پر بعد میں لاحق ہونے والی ایک قید ہے، جبکہ افراد کے درمیان مشترک حقیقت صرف وہ انسان ہے جو تمام قیود (بشمول قیدِ تجرید) سے عاری ہے۔”

یہ بات کہ مجرد ماہیات وجود نہیں رکھتیں، اس بات کو آپ نے کتاب الملخص کے باب ماہیات میں بھی صراحت سے بیان کیا ہے، آپ لکھتے ہیں:

وَاعْلَمْ أَنَّهُ حَقٌّ أَنَّ الْحَيَوَانَ لَا بِشَرْطِ شَيْءٍ مَوْجُودٌ؛ لِأَنَّهُ جُزْءُ الْمَوْجُودِ فِي الْخَارِجِ، فَيَكُونُ مَوْجُوداً فِي الْخَارِجِ، وَلَيْسَ بِحَقٍّ أَنَّ الْحَيَوَانَ بِشَرْطِ لَا شَيْءٍ مَوْجُودٌ؛ أَمَّا فِي الْأَعْيَانِ فَظَاهِرٌ، وَأَمَّا فِي الذَّهْنِ؛ فَلِأَنَّا لَا نَقُولُ بِهِ، وَلَوْ قُلْنَا بِهِ لَمْ يَكُنْ هُنَاكَ أَيْضاً مُجَرَّداً؛ لِأَنَّ كَوْنَهُ فِي الذَّهْنِ مِنَ اللَّوَاحِقِ، وَكَذَا كَوْنُهُ مُجَرَّداً مِنَ اللَّوَاحِقِ، فَالْمُجَرَّدُ إِذَا كَانَ مَعَهُ قَيْدٌ لَمْ يَكُنْ مُجَرَّداً عَنْ جَمِيعِ اللَّوَاحِقِ، فَالْمَاهِيَّةُ لَا تُوجَدُ مُجَرَّدَةً أَصْلاً (الملخص: 41 – 42)

مفہوم: “اور جان لو کہ درست بات یہ ہے کہ ‘حیوان لا بشرطِ شيء’ (مطلق حیوان بغیر کسی قید و شرط کے) موجود ہے کیونکہ وہ خارج میں موجود چیز (افراد) کا جزء ہے، لہذا وہ خارج میں موجود ہوگا۔ لیکن یہ بات درست نہیں ہے کہ ‘حیوان بشرطِ لا شيء’ (وہ حیوان جس میں تمام قیود و عوارض کی نفی کی شرط ہو) موجود ہو، (جہاں تک خارجی) اعیان کا تعلق ہے تو اس میں اس کا نہ ہونا بالکل ظاہر ہے، اور رہا ذہن (میں وجود ہونا)، تو ہم اس (وجود ذہنی) کے قائل نہیں۔ اور اگر بالفرض ہم اسے ذہن میں مان بھی لیں، تب بھی وہ ‘مجرد’ نہیں رہے گا کیونکہ اس کا ذہن میں ہونا بھی ایک لاحق ہونے والی قید ہے اور اسی طرح اس کا مجرد ہونا بھی ایک لاحقہ (قید) ہے۔ پس مجرد کے ساتھ جب کوئی قید (مثلاً ذہن میں ہونا) شامل ہو جائے تو وہ تمام لواحق سے مجرد نہیں رہتا۔ لہذا ماہیت سرے سے (مطلقاً) مجرد ہو کر کہیں موجود ہی نہیں ہوتی۔”

الغرض ان اقتباسات سے یہ واضح ہے کہ امام رازی اعیان ثابتہ و افلاطونی امثال کے پس پشت تصورات و مقدمات کی بالتصریح نفی کرتے ہیں جس کے بعد ان امور کے لئے کوئی گنجائش نہیں بچ رہتی۔ آگے چل کر ہم اس بات کی ایک اور وجہ بھی بیان کریں گے کہ افلاطونی امثال کا نظریہ کیوں کر آپ کے موقف سے غیر ہم آہنگ ہے۔

اس کے بعد اب ہم دوسرے نکتے کی طرف بڑھتے ہیں تاکہ متعلقہ اقتباس پر سپائیکر صاحب کے خلط مبحث کو بخوبی سمجھا جاسکے، لیکن یہاں رک کر سپائیکر صاحب کی درج بالا تمہید کو پھر ملاحظہ کیجئے۔ درج بالا تفصیلات کے پیش نظر اسے پڑھنے کے بعد کیا یہ سوال پیدا نہیں ہوتا کہ اگر امام رازی واقعی افلاطونی امثال کے اس قدر سنجیدگی سے قائل تھے جس کا تاثر سپائیکر صاحب دینا چاہتے ہیں اور جس سے ان کے پراجیکٹ کو سپورٹ ملتی ہے، تو درج بالا امور کا کیا کیا جائے؟ کیا امام رازی ایک ہی کتاب میں بلکہ ایک ہی پیراگراف قبل متضاد بات لکھ کر یہ سب لکھ رہے تھے؟ بدقسمتی سے جناب سپائیکر صاحب کتاب میں اس حوالے سے اپنے قاری کی کوئی راھنمائی نہیں کرتے۔ جونہی قاری کو اس بابت راھنمائی ملتی ہے، سپائیکر صاحب عبارت کو اصل تناظر سے نکال کر اس سے جو فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر خود بخود سوالیہ نشان کھڑا ہوجاتا ہے۔

دوسری بحث: وجودِ ذہنی پر امام رازی کی فلاسفہ کے ساتھ بحث

وجود ذھنی کے نظریے کے خلاف جو دلائل امام صاحب نے اپنی کتب میں دئیے ہیں، ان میں سے ایک بنیادی دلیل بھی پلاٹونک فارمز و اعیان ثابتہ کے ابطال کو لازم ہے لیکن سپائیکر صاحب اس پر بھی توجہ نہیں دیتے۔ اس دلیل کو “ماہیت کا تضاد و ناکامی” (       essence        failure        and contradiction)  کہہ سکتے ہیں، یعنی ایک ماہیت ثابت و موجود ہوتے ہوئے بھی اپنے ذاتی خصائص و لوازم کو ظاہر نہ کرے۔ فلاسفہ کا کہنا تھا کہ علم ذہن میں حاصل صورتوں سے عبارت ہے۔ امام صاحب کا اعتراض یہ ہے کہ یا یہ ذھنی صورت خارجی ماہیت ہی ہوگی اور یا اس کی کوئی شبیہہ وغیرہ ہوگی، پھر اگر شبیہہ ہے تو یہ شبیہہ یا عین خارجی ماہیت ہوگی یا اس کے سوا کچھ ہوگی۔ اس صورت کا خارجی ماہیت ہونا محال ہے کیونکہ پھر مثلاً آگ کی ماہیت کا علم ہوتے ہی ذہن جل جاتا چاہئے، اسی طرح شبیہہ کا عین ماہیت ہونا بھی ممکن نہیں کیونکہ اس سے بھی وہی نتیجہ نکلتا ہے۔ اور اگر یہ شبیہہ خارجی ماہیت کے سوا کچھ ہے تو اس کا علم خارجی ماہیت کا علم نہیں۔ اعتراض دراصل یہ ہے کہ تمہارے دعوے کے مطابق ایک ہی ماہیت وجود کی نوعیت بدلنے کے دعوے کے ساتھ بدل رہی ہے، یعنی عین وہی ماہیت خارج میں کچھ اور ہے اور ذہن میں کچھ اور۔ یہ قلب ماہیت ہے اور معمولی غور و فکر سے یہ واضح ہے کہ افلاطونی امثال و اعیان ثابتہ کا نظریہ بھی اس قلب ماہیت کے مسئلے سے دوچار ہے (کہ عالم مثال و اعیان والے گھوڑے کی نوعیت و لوازم یکسر الگ ہیں اور اس دنیا کے گھوڑے کی نوعیت و لوازم الگ)۔ چنانچہ امام صاحب کی اس دلیل سے بھی واضح ہے کہ افلاطونی امثال و اعیان ثابتہ آپ کے اصولوں سے ہم آھنگ نہیں۔ اس اعتراض سے بچنے کے لئے یہ کہنا (جیسا کہ مثلاً علامہ سید شریف جرجانی (م 816 ھ) نے کہا) کہ وجود دوقسم کے ہیں: خارجی و ذہنی یا علمی، یہ دراصل مسئلے کو مزید الجھا دیتا ہے کیونکہ اس کا مطلب یہ کہنا ہے کہ عارض ہونے والی چیز (یعنی وجود) کسی ماہیت کی نوعیت و لوازم تک کو تبدیل کردیتی ہے! ماہیت کی ناکامی و تضاد کا یہ اعتراض متقدمین اشاعرہ و ماتریدیہ نے بھی معتزلہ کو “معدوم شے” (معدوم مگر ثابت ماہیات) کے نظریے پر دیا ہے کہ تمہارے مطابق جوہر کی حقیقت اس عالم میں متحیز ہونا ہے لیکن اس سے ماورائی عالم میں غیر متحیز ہونا، اسی طرح عرض کا حکم اس دنیا میں جوہر کے ساتھ قائم ہونا ہے جبکہ ماورائی عالم میں قائم بالذات ہونا!  یہ سفسطہ ہے۔

اب آئیے کتاب الملخص میں وجود ذھنی کی بحث کی طرف جہاں آپ افلاطونی امثال کو بطور الزام و جدل فلاسفہ پر پیش کرتے ہیں۔ امام صاحب کہتے ہیں کہ فلاسفہ نے وجود ذہنی کو ثابت کرنے کے لیے یہ دلیل دی کہ انسان ذہن میں ایسی چیزوں کا تصور بھی کر لیتا ہے جو خارج میں موجود نہیں ہوتیں، لہذا ان کا ایک وجود ذہن میں ماننا پڑے گا۔ آپ اس دلیل کو توڑنے کے لیے انہیں الزام دیتے ہیں:

لِمَ لاَ يَجُوزُ أَنْ يُقَالَ: إِنَّ كُلَّ مَا أَمْكَنَنَا أَنْ نَتَصَوَّرَهُ وَنَتَخَيَّلَهُ فَلَهُ صُورَةٌ مَوْجُودَةٌ قَائِمَةٌ بِنَفْسِهَا، أَوْ فِي شَيْءٍ مِنَ الأَجْرَامِ الْغَائِبَةِ، فَإِذَا الْتَفَتَتِ النَّفْسُ إِلَيْهَا أَدْرَكْنَاهَا؟ وَهِيَ الْمُثُلُ الَّتِي كَانَ يَقُولُ بِهَا الشَّيْخُ الْعَظِيمُ أَفْلاَطُونُ، وَسَنَذْكُرُ أَدِلَّةَ أَرَسْطُو عَلَى إِبْطَالِ هَذِهِ الْمُثُلِ مَعَ الْجَوَابِ عَنْهَا (الملخص: 28)

مفہوم: “یہ کہنا کیوں جائز نہیں کہ ہر وہ چیز جس کا تصور یا تخیل ہم کر سکتے ہیں، اس کی ایک قائم بالذات موجود صورت خارج میں یا غائب افلاک میں سے کسی فلک میں موجود ہو، اور جب ہماری روح اس کی طرف متوجہ ہوتی ہے تو ہم اس کا ادراک کر لیتے ہیں؟ یہی وہ امثال ہیں جن کا عظیم شیخ افلاطون قائل تھا، اور ہم عنقریب اس عالمِ مثال کے ابطال پر ارسطو کے دلائل اور ان کا جواب ذکر کریں گے۔”

یہ بات امام صاحب فلاسفہ کے ساتھ وجود ذھنی کی بحث میں ان کی ایک دلیل کو توڑنے کے لئے لائے ہیں کہ تمہاری دلیل تام نہیں اس لئے کہ اس کے مقابلے میں وہ بات بھی کہی جاسکتی ہے جو افلاطون نے کہی تھی۔ یہی بات آپ نے ابن سینا کی کتاب کی شرح میں بھی کہی ہے جس کا مفہوم یہ بنتا ہے کہ وجود ذہنی کا نظریہ اس سے بھی زیادہ بعید ہے جو افلاطون کا نظریہ ہے۔ چونکہ آپ جانتے ہیں کہ افلاطون پر ارسطو نے ایک خاص اعتراض کیا تھا، لہذا آپ کہتے ہیں کہ ہم آگے افلاطون کی امثال پر تبصرہ کریں گے اور ارسطو کے اعتراض کا جواب دیں گے۔ دراصل یہی وہ اگلی بحث ہے جس کے ایک حصے کو سپائیکر صاحب نے اصل تناظر سے کاٹ کر پیش کردیا ہے۔

لیکن قبل اس سے کہ وہ عبارت لائی جائے، یہاں ایک اور بات نوٹ کرنا ضروری ہے جس کی طرف امام رازی نے اس متعلقہ عبارت میں اشارہ کیا ہے اور جس کے بغیر اس کی تفہیم ممکن نہیں۔ ابن سینا کا نظریہ تھا کہ خدا محض وجود ہے جس پر تنقید کرتے ہوئے آپ متعدد دلائل دیتے ہیں (یاد رہے کہ امام رازی وجود محض کے قائل نہیں)۔ ان میں سے ایک دلیل فلاسفہ (یعنی حریف) کے طے شدہ موقف سے جنم لینے والا ایک الزام ہے۔ فلاسفہ (مشائین) کا کہنا تھا کہ ایک ہی نوعی طبیعت کے لیے یہ محال ہے کہ اس کے بعض افراد مادہ سے مجرد ہوں اور بعض مادی ہوں۔ اسی قاعدے پر انہوں نے متعدد نتائج قائم کئے ہیں جن میں سے ایک افلاطونی امثال کو  باطل قرار دینا تھا کیونکہ وہ اس اصول کی خلاف ورزی ہے۔ فلاسفہ کے اس اصول کے پیش نظر آپ کہتے ہیں:

وَإِذَا ثَبَتَ ذَلِكَ، فَنَقُولُ: لِلْوُجُودِ أَيْضاً طَبِيعَةٌ وَاحِدَةٌ، فَإِنْ كَانَتْ عَيْنَهُ فَهِيَ مُفَارِقَةُ الْمَاهِيَّةِ، فَلْيَكُنْ كَذَلِكَ مُطْلَقاً، وَإِنْ كَانَتْ مُحْتَاجَةً إِلَيْهَا، فَلْيَكُنْ كَذَلِكَ مُطْلَقاً أَيْضاً، وَإِنْ جَازَ عَلَيْهَا أَنْ تَكُونَ مُجَرَّدَةً تَارَةً، وَمُقَارِنَةً تَارَةً أُخْرَى، فَلِمَ لاَ يَجُوزُ فِي الطَّبِيعَةِ النَّوْعِيَّةِ أَنْ تَكُونَ مَادِيَّةً تَارَةً، وَمُجَرَّدَةً أُخْرَى؟ وَذَلِك مِمَّا لَمْ يُمْكِنِ الْفَرَقُ بِهِ (الملخص: 20)

مفہوم: جب (فلاسفہ کے ہاں) یہ اصول ثابت ہے، تو ہم (ان پر الزاماً) کہتے ہیں کہ وجود کی بھی بہرحال ایک ہی طبیعت و حقیقت ہے۔ اگر وجود ذاتِ باری کی عینِ حقیقت ہے اور وہ ماہیت سے مجرد ہے، تو پھر وجود کا ہر جگہ و محل میں مجرد ہونا ہی لازم ہونا چاہیے، اور اگر وجود ماہیت کا محتاج ہے تو اسے ہر جگہ و محل میں اس کا محتاج ہی ہونا چاہیے۔ لیکن اگر (تمہارے نزدیک) وجود کے بارے میں یہ جائز ہے کہ وہ ایک بار (خدا میں) مجرد ہو اور دوسری بار (ممکنات میں) ماہیت کے ساتھ ملا ہوا ہو، تو پھر (افلاطون کی) نوعی طبیعت یا ماہیت کے بارے میں یہ کیوں جائز نہیں ہو سکتا کہ وہ ایک بار مادی ہو اور دوسری بار مجرد؟ اور ان دونوں میں فرق کرنا (فلاسفہ کے لئے) ممکن نہیں۔

نوٹ کرلیجئے کہ امام رازی ابن سینا و مشائی فلاسفہ کو الزام دے رہے کہ تمہارے اس نظریے (کہ وجود ماہیت سے عاری بھی ہوسکتا ہے) میں افلاطون کے عالم مثال کو روکنے کی بنیاد ختم ہوجاتی ہے کیونکہ جو اعتراض تم اس پر کرتے ہو وہی تمہارے نظریے پر لازم آتا ہے، اگر یہاں یہ جائز ہے تو وہاں بھی جائز ہوگا۔ سپائیکر صاحب نے جو عبارت نقل کی ہے، ہم دیکھیں گے کہ امام رازی نے وہاں عین اسی بات سے ارسطو کی دلیل کو توڑا ہے۔

سپائیکر صاحب کی عبارت اور خلط مبحث کی نوعیت

اب ہم سپائیکر صاحب کی پیش کردہ عبارت دیکھتے ہیں۔ یہاں تک پہنچتے پہنچتے اگرچہ بات کچھ طویل ہوگئی لیکن سپائیکر صاحب نے جتنے امور کو خلط ملط کردیا تھا ان کی گرہیں کھولے کے لئے یہ تفصیل ضروری تھی۔ جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ سپائیکر صاحب کی پیش کردہ عبارت کے مقام (ص 87 و 88) پر امام صاحب نے پہلے افلاطونی امثال پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ ہم ماہیت بشرط لا کے قائل نہیں (جو کہ افلاطونی امثال ہیں)۔ پھر آپ پیچھے ص 28 پر وجود ذہنی پر گزری بحث میں دئیے گئے اپنے بیان، کہ ہم آگے ارسطو کی دلیل کا جواب دیں گے، کے مطابق ارسطو کا اعتراض لاکر جواب دیتے ہیں:

ثَمَّ احْتَجَّ أَرَسْطُو عَلَى إِبْطَالِ هَذِهِ الْمُثُلِ: بِأَنَّ ذَلِكَ الْمُجَرَّدَ إِمَّا أَنْ يَكُونَ بِعَيْنِهِ مُشْتَرَكاً فِيهِ بَيْنَ هَذِهِ الأَشْخَاصِ أَوْ لاَ يَكُونَ؛ وَالأَوَّلُ يَقْتَضِي أَنْ يَكُونَ ذَلِكَ الْمُجَرَّدُ مَوْصُوفاً بِجَمِيعِ الصِّفَاتِ الْحَاصِلَةِ لِهَذِهِ الأَشْخَاصِ، فَيَكُونُ مَا عَلِمَهُ زَيْدٌ يَعْلَمُهُ عَمْرٌو، وَبِالْعَكْسِ، وَذَلِكَ مَحَالٌ؛ وَالثَّانِي مَحَالٌ؛ لأَنَّ لاَزِمَ الطَّبِيعَةِ الْوَاحِدَةِ وَاحِدٌ، فَالاسْتِغْنَاءُ عَنِ الْمَادَّةِ أَوِ الْحَاجَةُ إِلَيْهَا يَجِبُ أَنْ يَكُونَ مُطَّرِداً فِي جَمِيعِ أَشْخَاصِ النَّوْعِ؛ وَلأَنَّا قَدْ دَلَلْنَا عَلَى أَنَّ مَا لاَ يَكُونُ فِي شَخْصِهِ، لاَ بُدَّ وَأَنْ يَكُونَ تَشَخُّصُهُ بِالْمَادَّةِ.

الْجَوَابُ: أَنَّا نَخْتَارُ الْقِسْمَ الأَخِيرَ. وَقَوْلُهُ: “أَفْرَادُ الطَّبِيعَةِ الْوَاحِدَةِ مُشْتَرِكَةٌ فِي الاسْتِغْنَاءِ عَنِ الْقَابِلِ أَوِ الْحَاجَةِ إِلَيْهِ”، مَنْقُوضٌ بِالْوُجُودِ بَلْ بِالأَجْنَاسِ مَعَ الْفُصُولِ.

وَقَوْلُهُ ثَانِياً: “مَا لاَ يَكُونُ نَوْعُهُ فِي شَخْصِهِ لاَ يَكُونُ تَشَخُّصُهُ إِلاَّ بِالْمَادَّةِ”، مَبْنِيٌّ عَلَى الأَوَّلِ، فَبُطْلاَنُهُ يَكْشِفُ عَنْ فَسَادِ ذَلِك (الملخص: 87 – 88)

مفہوم: “ارسطو نے ان افلاطونی امثال کے ابطال پر یہ دلیل دی کہ وہ مجرد (ماہیت) یا تو بعینہ ان مادی افراد کے درمیان مشترک ہوگی یا مشترک نہیں ہوگی۔ پہلی شق (کہ وہ مشترک ہو) کا تقاضا یہ ہے کہ یہ مجرد ماہئت ان تمام افراد میں پائی جانے والی صفات سے متصف ہوگی، جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ جو کچھ زید جانتا ہے وہی عمرو بھی جانتا ہو اور اس کے برعکس (یعنی زید کا علم عمرو کا علم بن جائے)، جبکہ یہ ایک صریح محال بات ہے۔ دوسری شق (کہ وہ مشترک نہ ہو) بھی محال ہے، کیونکہ کسی طبیعت (یاماہیت) کا لازمہ ایک ہی ہوتا ہے، لہذا مادے سے بے نیازی (یا تجرد) اور مادے کی محتاجی کا حکم نوع کے تمام افراد میں یکساں جاری ہونا چاہیے۔ نیز اس لیے بھی کہ یہ بات ثابت کی جاچکی کہ جس نوع کا وجود کسی ایک ہی فرد میں منحصر نہ ہو، اس کا تشخص لازماً مادہ سے ہی ہوگا (پس جب دونوں شقیں غلط ہوگئیں تو افلاطونی امثال کا امکان باطل ہوگیا کہ وہ ان دو شقوں میں بند تھا)۔

(ارسطو کی) اس دلیل کا جواب یہ ہے: ہم (افلاطون کی طرف سے) آخری شق (یعنی مشترک نہ ہونا) اختیار کرتے ہیں۔ رہا ارسطو کا یہ کہنا کہ ایک ہی نوعی طبیعت کے تمام افراد مادہ سے بے نیازی یا محتاجی میں مشترک ہوتے ہیں، تو یہ قاعدہ خود ‘وجود’ بلکہ فصول کے ساتھ اجناس کے معاملے سے ٹوٹ جاتا ہے۔ اور ارسطو (کی اس دلیل) کا دوسرا مقدمہ کہ’جس نوع کا وجود ایک فرد میں منحصر نہ ہو اس کا تشخص صرف مادہ سے ہی ہو سکتا ہے’، یہ مقدمہ پہلے والے مقدمے پر مبنی تھا (جسے ہم توڑ چکے)، لہذا پہلے مقدمے کا باطل ہونا اس دوسرے مقدمے کے بطلان و فساد کو بھی ظاہر کر دیتا ہے۔”

صاف ظاہر ہے کہ یہ اقتباس پیچھے ص 28 پر وجود ذھنی کی بحث کے تسلسل میں ہے، مزید نوٹ کیجئے کہ جس بنیاد پر آپ نے ارسطو کی بات کو یہاں توڑا ہے وہ وجود کی مثال ہے اور ہم پیچھے دیکھ آئے ہیں کہ ص 20 پر امام رازی نے ابن سینا و مشائین کی جانب سے افلاطون کی تردید کو مناظرانہ طور پر وجود سے متعلق خود ان کے اپنے موقف کی رو سے ہی توڑا تھا (نہ کہ اپنے ذاتی فکری مذہب کے طور پر) کہ تم ایک مرتبہ وجود کو تمام ماہیت و عوارض سے خالی اور ایک مرتبہ ان سے متصف مانتے ہو تو افلاطون پر تمہارا اعتراض کیسے درست ہوا؟ چنانچہ یہاں أَنَّا نَخْتَارُ الْقِسْمَ الأَخِيرَ… وَهُوَ مَنْقُوضٌ بِالْوُجُودِ (ہم آخری شق اختیار کرتے ہیں… اور ارسطو کا اعتراض وجود کے اصول سے منقوض باطل ہے)، یہ امام رازی کے اپنے موقف کا بیان نہیں ہے بلکہ مشائین کو الزام ہے لیکن سپائیکر صاحب نے آگے پیچھے کچھ دیکھے اور امام صاحب کے اصولوں کا لحاظ رکھے بغیر اسے امام صاحب کی جانب سے افلاطون کے عالم مثال اور اپنے پراجیکٹ کو آشیرباد سمجھ لیا۔ اس اقتباس پر اوپر گزر چکی تمہید چڑھانے کے علاوہ سپائیکر صاحب اس سے یہ نتیجہ نکال لیتے ہیں:

For       Rāzī’s       notion       of       Forms,       then,       the       exemplary       Form       exists       aloof       and       uninstantiated;       yet       individuals       exist       through       the       Form,       and       derive       their       intelligibility       therefrom.       However,       the       absurd       simultaneous       predication,       of       the       timeless,       spaceless       Form,       of       the       corresponding       individuals’       contradictory,       contingent       properties,       is       not       entailed       by       Rāzī’s       theory       of       Forms,       because       he       rejects       the       contention       that       the       manifestations       of       a       given       nature       must       be       strictly       confined       to       particulars       individuated       by       matter,       unless       the       nature       in       question       entails       its       own       individuation,       in       which       case       the       sole       individual       yielded       must       be       incorporeal.       (p.       111)

ظاہر ہے ان نتائج کی امام صاحب کے اصولوں و بحث میں کوئی بنیاد موجود نہیں نیز اس عبارت سے یہ نتیجہ نکالنے کے لئے بھی بہت ساری چھلانگیں لگانا پڑتی ہیں، خوف طوالت کے باعث یہاں ہم ان سے اغماز کرتے ہیں۔ سپائیکر صاحب کے اس استدلال کو پڑھ کر یہ خیال نہیں گزرتا کہ انہیں امام رازی کا موقف سمجھنے میں کوئی دلچسپی تھی بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے پراجیکٹ کو وقیع دکھانے کے لئے آپ کو جہاں سے بھی کوئی چیز مل جائے آپ اسے اچک لینا چاہتے ہیں، چاہے وہ مصنف کے موقف کے کتنی ہی خلاف کیوں نہ ہو۔

یہاں ہم ضمناً اس بات کا ذکر بھی کرنا چاہیں گے کہ سپائیکر صاحب نے اس عبارت کے آخری حصے کا ترجمہ غلط کیا ہے اور وہ غلطی دراصل عبارت کی غلط تفہیم پر مبنی ہے۔ تاہم یہاں ہم اس تفصیل میں نہیں جانا چاہتے۔

خلاصہ یہ کہ سپائیکر صاحب کی پیش کردہ عبارت امام صاحب کی جانب سے افلاطون کے مذہب کا اثبات نہیں ہے، بلکہ ارسطو کے اعتراض کو اس کے اپنے ہی ماننے والوں کے اصولِ وجود سے غلط ثابت کرنا ہے۔ یہ امام رازی کا بار بار دہرایا جانے والا ایک مناظرانہ تحرک (Recurring               Dialectical        Move) ہے جو آپ مشائین کے خلاف استعمال کرتے ہیں، نیز وجود ذہنی کی بحث میں ان کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر لاتے ہیں۔ رہا ان کا اپنا موقف، تو وہ ان کے اپنے اصولوں کی رو سے طے ہوگا نہ کہ ان اصولوں سے آنکھیں پھیر کر کسی عبارت سے کچھ اچک لینے سے۔ سپائیکر صاحب نے اس عبارت سے جو من پسند نتیجہ نکالا ہے، اس کے بعد امام رازی کا نظام فکر کئی طرح کے تضادات کا شکار ہوجاتا ہے اور جس کے بعد مزید الٹی سیدھی تاویلات ایجاد کرنا ہوں گی۔ تاہم جن لوگوں کو علمی تحقیق کے بجائے تلفیقی ماڈلز میں دلچسپی ہو، ان سے بعید نہیں کہ وہ ایسی مزید باتیں بھی کر گزریں۔

واللہ اعلم بالصواب!

منتظمین

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں