Home » ظاہرِ نص اور تاویل: ابن تیمیہ کے مدافعین کا ایک مغالطہ
تفسیر وحدیث • شخصیات وافکار

ظاہرِ نص اور تاویل: ابن تیمیہ کے مدافعین کا ایک مغالطہ

گزرتے وقت کے ساتھ شیخ ابن تیمیہ کی کتب پر تحقیق سے یہ بات مبرہن ہوچکی ہے کہ آپ خدا میں حوادث کے اجرا کے قائل ہیں۔ یہ بات اتنی واضح ہوچکی ہے کہ شیخ کے مدافعین کے لئے بھی اب اس کا انکار ممکن نہیں رہا۔ لہذا اس موقف کے دفاع میں ایک بات یہ کہی جاتی ہے کہ حدوث کا لفظ قرآن و سنت نے استعمال ہی نہیں کیا، متکلمین نے اپنی طرف سے اسے پیمانہ بنا کر خدا کو اس سے منزہ قرار دیا ہے جبکہ قرآن میں تو مثلاً خدا کے لئے نزول اور ید وغیرہ جیسے امور بیان ہوئے ہیں (اسی قسم کا استدلال کچھ لوگ پچھلے دور میں بھی کیا کرتے تھے کہ قرآن نے خدا کے جسم ہونے کی نفی نہیں کی وغیرہ)۔ گویا ان حضرات کا استدلال یہ بنتا ہے کہ (ہمارے فہم کے اعتبار سے) قرآن و سنت کے ظاہر میں چونکہ ان امور کا ذکر ہے لہذا انہیں قبول کیا جائے، چاہے یہ ظاہر کیسی ہی قطعی عقلی دلیل کے خلاف ہو، نیز جو ایسا نہیں کررہا وہ گویا قرآن و سنت کی خلاف ورزی کررہا ہے!

شیخ کے موقف کے مدافعین کی جانب سے کہی جانے والی یہ بات اصول تفسیر و اصول فقہ کے خلاف ہے۔ ان علوم میں یہ بات کہیں مذکور نہیں کہ ہر آیت کو اس کے ظاہر پر پڑھنا واجب ہے، بلکہ اصول یہ ہے کہ قوی دلیل کی پیروی کی جائے گی۔ عبارت کو ظاہر پر پڑھنے کا اصول بھی ایک دلیل پر مبنی ہے اور وہ یہ کہ عام طور پر متکلم (شارع) کی عادت ظاہر مراد لینا ہے، تاہم جب اس دلیل سے زیادہ قوی دلیل موجود ہو جو اس ظاہری معنی کے بجائے کسی دوسرے معنی پر دلالت کرے تو وہ دوسرا معنی اس ظاہر کے مقابلے میں اظہر ہوتا ہے، اور ایسے میں اس اظہر کو اختیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اسے تاویل کہتے ہیں، یعنی قوی تر دلیل کی بنا پر ظاہر کے بجائے اظہر اختیار کرنا (تاویل کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی طرف سے کوئی بھی معنی اختیار کرلیا جائے)۔ مثال لیجئے۔ قرآن کی ایک آیت کا ظاہر یہ ہے کہ بستی سے پوچھو (وَاسْأَلِ الْقَرْيَةَ)۔ تاہم ایک زیادہ قوی دلیل سے ہم جانتے ہیں کہ بستی کوئی ایسی چیز نہیں جس سے خطاب و سوال کیا جائے، پس ہم ظاہر کو چھوڑ کر اس کے باشندے مراد لیتے ہیں جو یہاں اظہر معنی ہے، اور یہ دلیل کی وجہ سے ہے۔ ایک آیت کا ظاہری معنی ہے کہ آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں بلکہ دل اندھے ہوتے ہیں (فَإِنَّهَا لَا تَعْمَى الْأَبْصَارُ وَلَكِنْ تَعْمَى الْقُلُوبُ الَّتِي فِي الصُّدُورِ)، یہاں کوئی بھی یہ اصرار نہیں کرتا کہ مثلاً دل میں بھی سر پر نصب جیسی کوئی آنکھیں ہیں جس کی بصارت ختم ہوجاتی ہے۔ ایسی متعدد مثالیں ہیں اور ہم درجنوں مثالوں سے بات کو طویل نہیں کرنا چاہتے، اہل علم واقف ہیں کہ پوری امت کے علما اس کے قائل ہیں، بلکہ خود ابن تیمیہ اور محدثین کی جماعت بھی ذات باری سے متعلق بعض نصوص کو ظاہر سے ھٹا دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ متکلمین کے خلاف درج بالا غلط استدلال پیش کرنے والے بھی ایسا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

پس یہ اصرار کہ چونکہ نزول یا ید وغیرہ کا ذکر قرآن و سنت میں موجود ہے اس لیے اس کے ظاہری معنی کو قبول کرنا ضروری یا اولی ہے، یہ بات اصول فقہ سے ناواقفیت کا نتیجہ ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ لفظ کے معنی کے تعین میں کون سی دلیل زیادہ قوی ہے۔ اگر کوئی قطعی عقلی یا نقلی دلیل کسی ابتدائی ظاہری مفہوم کے خلاف ہو، تو اس مفہوم سے عدول کرنا نہ نصوص کا انکار ہے اور نہ من مانا معنی اختیار کرنا ہے، بلکہ یہ دلیل کی پیروی کرنا ہے اور شارع کو مکلفین سے یہی مطلوب ہے۔ پس اگر دلیل کہیں تاویل اور کہیں تفویضِ معنی کا تقاضا کرے تو اسے قرآن و سنت کی خلاف ورزی قرار دینا دراصل شارع کے منشا کی خلاف ورزی ہے، یہ اظہر کو چھوڑ کر ظاہر کے پیچھے بھاگنا ہے، یہ علم کو چھوڑ کر وہم کی پیروی کرنا ہے۔ اظہر کے ہوتے ہوئے ظاہر شارع کی مراد نہیں ہوتا، فافہم۔ بلکہ بعض اوقات بوجہ دلیل ظاہر کو ترک کرنا واجب بھی ہوتا ہے۔

رہی یہ بات کہ حادث کا لفظ قرآن و سنت میں نہیں لکھا ہوا، تو یہ ایک غیر علمی و غیر سنجیدہ بات ہے جو اس سے زیادہ کسی تبصرے کے لائق نہیں کہ دلیل عقلی بھی ہوتی ہے اور نقلی بھی اور شارع نے دونوں کا اعتبار کیا ہے۔

ڈاکٹر زاہد صدیق مغل

زاہد صدیق مغل، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں معاشیات کے استاذ اور متعدد تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں۔
zahid.siddique@s3h.nust.edu.pk

کمنت کیجے

کمنٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں