امام رازی کا طریقہ ہے کہ مخالف کے ساتھ بحث کرتے ہوئے وہ صرف اپنے دلائل نہیں بلکہ مخالف کے دلائل بھی بالتفصیل لاتے ہیں، پھر اس کے اوپر نہ صرف یہ کہ دوسری جانب کے جواب کو بھی بیان کرتے ہیں بلکہ مخالف کی جانب سے امکانی طور جو کچھ بطور جواب الجواب کہا جاسکتا ہے وہ بھی لاتے ہیں۔ اس جدلی گفتگو میں ساری باتیں آپ کا اپنا موقف نہیں ہوتیں۔ یہاں ہم افلاطونی امثال کے ضمن میں کتاب “المطالب العالیة” سے بھی اس کی ایک مثال پیش کرتے ہیں۔ یہاں بھی آپ ایک مسئلے میں جدلی انداز میں افلاطون کے عالم مثال کو لائے ہیں اور پھر خود ہی مخالف کی جانب سے اسے توڑ دیتے ہیں۔ چنانچہ جن لوگوں کو امام صاحب کا یہ طریقہ معلوم نہ ہو ان میں سے کوئی شخص حسن سپائیکر صاحب کے برعکس اس مقام کو دیکھ کر یہ عنوان دے سکتا ہے کہ رازی افلاطونی امثال کے ناقد ہیں۔ ذرا بحث کا سیاق دیکھ لیں تاکہ بات سمجھ آسکے (یہ بحث جلد 4 صفحہ 155 تا 166 پر پھیلی ہوئی ہے)۔
فلاسفہ کا اصول تھا کہ علم کے لئے معلوم (object of knowledge) کا موجود ہونا ضروری ہے اور اللہ کے قدیم علم سے وہ عالم کے قدم کی دلیل وضع کیا کرتے تھے۔ امام صاحب ان کی جانب سے دلائل دینے کے بعد حسب عادت ان کے موقف پر نقد کے لئے تنزلاتِ جدلیہ (Step-by-Step Supposition) کا طریقہ اپناتے ہوئے ہر مرحلے پر ایک نیا اعتراض سامنے لاتے ہیں۔ آپ کے اعتراضات کا خلاصہ درج ذیل ہے:
۱۔ ہم یہ تسلیم نہیں کرتے کہ علم کسی شے کے موجود ہونے پر موقوف ہے اس لئے کہ معدوم کا علم بھی ہوتا ہے۔ اس کی دلیل محال امور جیسے کہ شریکِ باری کے محال ہونے کا علم ہے۔ اگر علم کے لیے معلوم کا موجود ہونا شرط ہوتا تو شریک باری کو موجود ماننا پڑتا جو صریح تناقض ہے۔
۲۔ اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ علم کے لئے معلوم میں تمیز ضروری ہے، تو بھی معلوم کا تفصیلی طور پر متمایز ہونا ضروری نہیں۔ جیسے ہمیں یہ علم ہو کہ ایک شہر میں ہماری کوئی رضاعی بہن موجود ہے، لیکن ہم اس کو بعینہ متعین طور ہر نہیں جانتے۔ یہاں علم حاصل ہے لیکن معلوم متمایز نہیں ہے۔
۳۔ اگر یہ بھی مان لیں کہ معلوم کا تفصیلاً متمیز ہونا ضروری ہے، تو یہ امتیاز فی الحال (علم کے وقت یا ساتھ) ہونا کیوں ضروری ہے؟ یہ کیوں نہیں کہا جاسکتا کہ اللہ ازل سے جواہر و اعراض کا عالم ہے اگرچہ وہ ازل میں متمایز نہیں تھے بلکہ موجود ہو کر متمایز ہونے والے تھے اور علم اس موجود ہونے کے وقت سے وابستہ تھا، چنانچہ ازلی علم کے لیے یہ امتیاز کیوں کافی نہیں؟
۴۔ اگر یہ بھی مان لیں کہ معلوم کا فی الحال متمیز ہونا ضروری ہے، تو متمیز ہونے کے لیے اس کا موجود ہونا کیوں ضروری ہے؟ تمیز عدم محض اور سلب یا نفی میں بھی حاصل ہوتی ہے (مثلاً عدمِ ملزوم اور عدمِ لازم کا باہمی فرق، محل میں عدمِ ضد کا حکم، اور نقیضین کا باہم منافی ہونا)۔
۵۔ اگر یہ بھی تسلیم کرلیں کہ معلوم کا “ثابت” ہونا ضروری ہے، تو بھی ہر ثابت کا “موجود” ہونا ضروری نہیں۔ عقلاء کے ایک طبقے (مثلاً معتزلہ) کے نزدیک ماہیات حالتِ عدم میں بھی اپنے ثبوت اور تقرر پر قائم ہوتی ہیں اگرچہ موجود نہیں ہوتیں، لہذا خارجی وجود کے بغیر بھی انہیں محض ثابت کیوں نہیں مانا جاسکتا؟
۶۔ اگر یہ بھی تسلیم کرلیں کہ اس کا موجود ہونا ضروری ہے، تو یہ کیوں جائز نہیں کہ معلوم کی صورتیں عالم (knower) میں صرف مرتسم (Imprinted) ہوں؟ اس سے بھی ان کا خارجی وجود ہونا لازم نہیں رہتا بلکہ صرف خاص طرح کا ذہنی وجود ثابت ہوتا ہے۔
۷۔ اگر یہ بھی تسلیم کرلیں کہ معلوم کا خارج میں موجود ہونا ضروری ہے، تو بھی یہ کیوں نہیں کہا جاسکتا کہ خارج میں ہر ماہیت کی ایک مجرد، قائم بالذات کلی صورت (افلاطونی امثال) موجود ہیں؟ اس صورت میں عالمِ امثال کا وجود ہی علم کے لیے کافی ہو جائے گا اور خارج میں مادی اعیان کے اثبات کی ضرورت نہ رہے گی جو فلاسفہ کا موقف ہے۔
۸۔ روز مرہ کے حوادث خارج میں موجود ہیں مگر یہ بالاتفاق ازل میں موجود نہ تھے، جبکہ اللہ ازل سے ان کا بھی عالم ہے۔ پس فلاسفہ حوادثِ یومیہ کے عدمِ وجود کے باوجود ان کے علمِ الہی سے متعلق جو جواب دیں گے، وہی جواب پوری کائنات کے علم کے لیے بھی دیا جاسکتا ہے۔
آپ نے جو یہ آٹھ اعتراضات لکھے ہیں، ان میں سے نہ تو سب پر آپ کا اعتماد ہے اور نہ ہی سب آپ کے اپنے موقف کی رو سے ہیں، بلکہ ان میں سے صرف بعض آپ کے موقف پر ہیں اور بعض ایسے ہیں جنہیں آپ خود ہی دیگر مقامات پر رد کرتے ہیں۔ لیکن انہیں لانے کا مقصد مخالف کے سامنے ہر امکانی پوزیشن کے لحاظ سے اعتراض کھڑا کرنا ہے۔ مثلاً پانچ نمبر اعتراض معدوم شے کے معتزلہ کے اصول پر ہے جبکہ چھٹا اعتراض وجود ذہنی کی اس تشریح کے مطابق ہے جو ذہن میں عین ماہیت کے بجائے ان کی شبیہہ حاصل ہونے کی بات کرتی ہے، حالانکہ امام صاحب ان دونوں کو رد کرتے ہیں۔ اسی جدل میں آپ افلاطونی امثال کو بھی ایک متبادل امکان کے طور پر ناقد کے سامنے لے آئے ہیں لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ یہ آپ کا اپنا موقف بھی ہے (افلاطونی امثال کو وجود ذھنی کی تردید میں فلاسفہ کے سامنے جدلی انداز میں لانا، یہ امام رازی کا ایک ھتھیار ہے جسے آپ نے متعدد کتب میں اختیار کیا ہے، ہم دیکھ چکے ہیں کہ کتاب “الملخص” میں بھی وہ اسی تناظر میں لایا گیا ہے)۔
مزے کی بات یہ ہے کہ امام صاحب نے فلاسفہ کی جانب سے ان دلائل پر جوابی تبصرہ کرتے ہوئے افلاطونی امثال پر بھی تبصرہ کیا ہے، ملاحظہ ہو:
السابع: وهو إثبات المثل الأفلاطونية. فالجواب عنه: أن العالم إذا علم كون الجسم ممتدا في الجهات، حاصلا فيها، قابلا للحركة والسكون، موصوفا بالشكل واللون، فالمعلوم هو الذي يكون موصوفا بهذه الصفات. فهذا الذي سميتموه بالمثل الأفلاطونية، هل هو موصوف بهذه الصفات أم لا؟ فإن كان موصوفا بهذه الصفات، كان جسما موصوفا بالحركة والسكون، وذلك هو المطلوب. وإن لم يكن كذلك بل كان موجودا مجردا عن هذه الصفات، لم يكن هذا الموجود هو ذلك المعلوم. وكلامنا ليس إلا في أن ذلك المعلوم يجب أن يكون موجودا (المطالب: ج 4، ص 166)
مفہوم: “ساتویں سوال یعنی افلاطونی امثال والی بات کا جواب یہ ہے کہ جب ایک عالم کسی جسم کے جہات میں پھیلا ہونے، (حیز) میں ان کے حاصل ہونے، حرکت و سکون کو قبول کرنے، اور شکل و رنگ سے موصوف ہونے کا علم حاصل کرتا ہے، تو معلوم وہی شے ہوتی ہے جو ان صفات کے ساتھ موصوف ہو۔ جسے تم نے افلاطونی مثال کہا، کیا وہ ان (مادی) صفات سے موصوف ہے یا نہیں؟ اگر وہ ان صفات سے موصوف ہے، تو پھر وہ بھی حرکت و سکون سے موصوف ایک (مادی) جسم ہی ہوا، اور یہی ہمارا مطلوب ہے۔ اور اگر وہ ایسا نہیں ہے بلکہ ان صفات سے مجرد ایک موجود ہے، تو پھر یہ مجرد موجود وہ معلوم نہیں ہوسکتا (جو خارج میں پایا جاتا ہے)، جبکہ ہماری بحث اس بات میں ہے کہ اس معلوم کا (خارج میں) موجود ہونا ضروری ہے۔”
یعنی اگر یہ کہا جائے کہ قدیم علم افلاطونی امثال کے معلوم سے وابستہ تھا، لیکن اگر یہ امثال جسمانی عوارض سے منزہ ہیں (جو کہ افلاطون کا دعوی ہے) تو ان کے علم سے خارج میں موجود اشیا کا علم ہونا ثابت نہیں ہوتا جبکہ بحث ان کے بارے میں ہے۔ یہ جو جواب امام رازی یہاں لائے ہیں، یہ خود آپ کے اپنے موقف کے ضمن میں بہت اہم ہے اور اس کی زد افلاطون کے عالم مثال کے علاوہ معتزلہ کے معدوم شے اور وجودیہ کے اعیان ثابتہ پر بھی پڑتی ہے جن کے مطابق یہ اعیان ثابتہ وغیرہ جسمانی عوارض سے منزہ ہیں۔
اب اگر کوئی محقق متن شناسی میں حسن سپائیکر صاحب کا منہج اختیار کرلے تو ایک محقق امام رازی کے الزامی استدلال (یعنی پہلے مقام) کو ان کا موقف سمجھ کر انہیں افلاطونی امثال کا قائل ثابت کرے گا اور دوسرا محقق چند صفحے آگے سے اسی طریقہ کار کو برت کر انہیں اس کا منکر ثابت کر دے گا! یہ تضاد رازی کا نہیں بلکہ محقق کے ناقص تحقیقی منہج کا نتیجہ ہوگا۔ جناب سپائیکر صاحب نے کتاب “الملخص” کے ایک مقام پر اسی منہج کو اختیار کیا ہے اور وہ جلد بازی میں اس بنیادی و موٹی بات کو بھی نظر انداز کرگئے کہ افلاطونی امثال قدیم ہیں جبکہ امام رازی کے کلام کا بنیادی اصول ماسوا اللہ کا حادث ہونا ہے۔
چنانچہ امام صاحب افلاطونی امثال کے قائل تھے یا نہیں، اس کے لئے پہلے امام صاحب کے اصولوں کو دیکھنا چاہئے۔ رہی یہ بات کہ فلاں فلاں ہم عصر محقق کے مطابق امام رازی اس کے قائل ہیں تو اس پر ہم بس یہی کہیں گے کہ “ھم رجال ونحن رجال”، یہ مقلدانہ قسم کی باتیں چھوڑ کر امام رازی کے ہاں سے کوئی درست دلیل دی جانی چاہئے۔ سپائیکر صاحب کی پیش کردہ دلیل کا حال ہم دیکھ چکے ہیں۔ ہماری تحقیق کے مطابق امام صاحب وجود و ماہیت کی بحث میں افلاطونی امثال کا ذکر جدلی و الزامی انداز (“ان سلمنا”، “ان قیل”، “لما لا یجوز” وغیرہ میں) لائے ہیں، لیکن جب وہ خود اپنا موقف بیان کرتے ہیں تو وہاں اس کا ذکر نہیں ملتا۔ کسی متکلم یا فلسفی کا موقف اور مختار مذہب ان مقامات سے اخذ کیا جانا چاہئے جہاں وہ اثبات و تحقیق میں ہوتا ہے، یا ان مقامات سے جہاں وہ ابطال و الزام میں ہوتا ہے؟ یہ دوسری صورت متن فہمی و شناسی کا مغالطہ ہے۔




کمنت کیجے